حکمران جب ذمہ داریاں پوری نہیں کریں گے تو عدالتیں عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کریں گی‘میاں مقصود

آئندہ انتخابات کرپٹ اورظالم حکمرانوں کے لیے عبرت کانشان ثابت ہوں گے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

اتوار 6 مئی 2018 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ حکومت جب اپنی ذمہ داریاں ادانہیں کرے گی تو عدالتوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کے بنیادی حقوق کاتحفظ کریں۔اگر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور ان سے قبل میاں نوازشریف نے لوگوں کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کیے ہوتے تو آج سیاسی منظر نامہ مختلف ہوتا۔

اہم قومی اداروں کی تضحیک کرنا کسی صورت درست نہیں۔جہاں کہیں بھی آئین سے انحراف ہوگا تواعلیٰ عدلیہ کا اختیارہے کہ وہ آئین کی تشریح کرے اور ملک وقوم کو بھنور سے نکالے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ عوام کے ووٹوں سے بر سراقتدار آنے والے سرکاری نمائندوں نے پانچ برسوں میں عوام سے کوئی رابطہ نہیں رکھا ،ان کے مسائل حل نہیں کیے ،اب جیسے ہی انتخابات قریب آئے ہیں تو ان کو عوام کی یاد ستانے لگی ہے۔

(جاری ہے)

2018کے الیکشن کرپٹ،ظالم اور غیر ملکی ایجنڈے کو آگے بڑھانے والے حکمرانوں کے لیے عبرت کانشان ثابت ہوں گے۔22کروڑ عوام حکمرانوں کی مایوس کن کارکردگی پر اپنے ووٹ کے ذریعے انہیں مسترد کردیں گے اورانشاء اللہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے پاکستان میں اسلام پسند قوتیں برسراقتدار آئیں گی۔ایم ایم اے نے ماضی میں بھی عوام کو مایوس نہیں کیا تھا اور آئندہ بھی مایوس نہیں کرے گی۔

پانامالیکس،پیراڈائزلیکس اور دبئی لیکس سمیت کسی بھی اسکینڈل میں دینی جماعتوں کے ایک رہنما کانام نہیں آیا۔دینی جماعتوں کی قیادت کادامن ہرقسم کی کرپشن سے پاک ہے۔ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے 13مئی کولاہور میں ہونے والے جلسہ عام کو عوامی کی پذیرائی ملے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام میں سیاسی شعور بیدار ہوچکا ہے۔عوام بخوبی سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو محب وطن ،باکردار اور ایمان دار قیادت ہی آگے لے کر چل سکتی ہے۔ملک وقوم کا سب سے بڑاالمیہ صالح قیادت کافقدان ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزید کہاکہ تمام ریاستی اداروں کو اپنی آئینی وقانونی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔عدالتی فیصلوں کااحترام کیاجانا چاہئے۔میں نہ مانوں کی پالیسی ملک وقوم کے لیے تباہ کن ہوگی۔