عالمی برادری بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے کردار ادا کرے‘علی رضا

اتوار مئی 18:40

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2018ء) کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں بے گناہ نوجوانوںکے بڑھتے ہوئے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج کی ایک گاڑی نے ہفتے کے روز سرینگر میں ایک پر امن مظاہرے کے دوران دانستہ طور پر ایک نوجوان عادل احمد کو کچل ڈالاجو سفاکیت کی انتہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کشمیری نوجوانوں خاص طور پر بچوں کو محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا بھی بھارتی فوج کا وطیرہ بن چکا ہے جبکہ پر امن مظاہرین کیخلاف پیلٹ بندوق اور دیگر مہلک ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے شہید کشمیری نوجوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ایک روز بے گناہ کشمیریوں کے قتل کا حساب ضرور دینا پڑے گا۔ علی رضا سید نے بھارتی فورسزطرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اقوام متحدہ کے جنگی جرائم کے ٹریبونل سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ انہوںنے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔