مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی حق خودارادیت کے مطابق حل ہوگا ،ْ راجہ ظفر الحق

بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر اور لداخ میں دہشتگردی کو فروغ دے رہے ہیں ،ْ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان

اتوار 6 مئی 2018 18:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) قائد ایوان سینٹ راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی حق خودارادیت کے مطابق حل ہوگا۔وہ ر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام دوروزہ کانفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں خطاب کررہے تھے ۔

سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی حق خودارادیت کے مطابق حل ہوگااور اس پر ملک کی تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں،مسئلہ کشمیر میں کشمیری پہلی پارٹی ہیں ،مسئلہ کشمیر انڈیا اور پاکستان کا باہمی مسئلہ نہیں ہے بلکہ سہ ملکی مسئلہ ہے اور مسئلے کا حل کشمیریوں نے اپنی امنگوں کے مطابق کرنا ہے ،نوجوان نسل نے جس طرح جدوجہد آزادی کو جاری رکھا ہوا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی اور کشمیر انسٹیٹیوٹ انٹرنیشنل ریلیشنز نے بھی ہر اہم فورم پر مسئلہ کشمیر کو جس طرح اجاگرکیا ہے وہ خراج تحسین کے قابل ہے ،کانفرنس میں کشمیر انسٹیٹیوٹ انٹرنیشنل ریلیشنز کی پچوسویں سالگرہ کے موقع پر گزشتہ 25سال میں ادارے کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے ڈائیلاگ کے طریقے پر کی جانیوالی کاوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ،کانفرنس میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کے پیغام کو ادارے نے بھرپور انداز میں پھیلایا ہے اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کو ہر وقت کی صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے ادارے نے مثبت کردار اداکیا ہے ،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر اور لداخ میں دہشتگردی کو فروغ دے رہے ہیں ،کشمیری بھارتی افواج کے ہاتھوں دہشتگردی کا شکار ہورہے ہیں،پاکستان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو ڈائیلا گ کے ذریعہ تینوں پارٹیاں حل کریں مگر انڈیا نے قتل وغارت اور زبردستی کی پالیسی اختیار کی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کو روکنے کیلئے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل اور جنرل اسمبلی مثبت کرداراداکریں،سیمینار سے کشمیر انسٹیٹیوٹ انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین وسپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر ،امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی ،کنونیئر آل حریت کانفرنس فیض نقشبندی وایگزیکٹو ڈائریکٹر کشمیر انسٹیٹیوٹ نے بھی خطاب کرتے ہوئے ادارہ کی 25سالہ کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔