بجٹ کے فوراً بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے‘میاں سلیم

اب مہنگائی کا ایک اور طوفان برپا ہوگاجس سے ٹرانسپورٹرز ،کسان ، انڈسٹری ، تاجر برادری اور عام شہری مزید بدحالی کا شکار ہونگے

اتوار 6 مئی 2018 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) انجمن تاجران لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں سلیم نے کہا ہے کہ تاجر برادری پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں ،بجٹ کے فوراً بعد پٹرولیم مصنوعات آئٹم کی قیمتوں میں اضافہ اور سی این جی کے ریٹ میں اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے پٹرولیم مصنوعات کے ریٹ بڑھانے سے مہنگائی کا ایک اور طوفان برپا ہوگاجس سے ٹرانسپورٹرز ،کسان ، انڈسٹری ، تاجر برادری اور عام شہری مزید بدحالی کا شکار ہونگے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ میاںسلیم نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم آئٹمز کے ریٹ 69 ڈالرفی بیرل ہے اس کے مطابق ریفائنری ریٹ ڈال کر بھی 51 روپے فی لیٹر کا سٹ کرتا ہے حکومت ناجائز منافع خوری فوری طور پر بند کرے اور پٹرولیم سے پٹرولیم لیوی ٹیکس اور دیگر ٹیکسز کو فوراً ختم کرنے کا اعلان کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملکی ضرورت کا 40 فیصد پٹرولیم آئٹمز ہمارے اپنے ملک سے نکلتا ہے حکومت اس کا ریٹ بھی انٹرنیشنل مارکیٹ کے مطابق ہی عوام سے وصول کر رہی ہے ،انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کے ریٹ بڑھنے سے تمام اشیائے ضروریہ مہنگی ہو جاتی ہیںجس سے سب سے زیادہ عوام متاثر ہوتے ہیں انڈسٹری اور سمال ٹریڈرز کیلئے مشکلات بڑھتی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ تاجر برادری حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر پٹرولیم پر لیوی ٹیکس سمیٹ تمام ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے اور ملکی سطح پر نکلنے والے پٹرولیم مصنوعات پر عوام کو سبسڈی دی جائے۔