حضرت لال شہباز قلندر کے سالانہ عرس کے دوران دو روز میں شدید گرمی کے باعث 9 افراد جاں بحق

جاں بحق ہونے والے دیگر 6 افراد کا تعلق ملتان، فیصل آباد، جھنگ، وہاڑی، بھاولپور اور سمندری سے ہے

اتوار 6 مئی 2018 19:00

سیہون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) حضرت لال شہباز قلندر کے سالانہ عرس کے دوران 2 روز میں شدید گرمی کے باعث 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ 3 روز کے دوران کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر دیکھنے میں آئی جس کے باعث حضرت لال شہباز قلندر کے سالانہ عرس کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

حضرت لال شہباز قلندر کے سالانہ عرس کا اتوار کو دوسرا روز بھی جاری رہا اور شدید گرمی کے باعث مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے، ایدھی سینٹر کے مطابق گرمی سے ہلاک ہونے والوں کا تعلق کراچی اور جھنگ سے ہے۔انچارج ایدھی سینٹر معراج محمد کے مطابق گزشتہ 2 روز سے جاری حضرت لال شہباز قلندر کے عرس میں اب تک 9 افراد جاں بحق ہوگئے، 3 لاوارث لاشوں کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ہے ،ْ جاں بحق ہونے والے دیگر 6 افراد کا تعلق ملتان، فیصل آباد، جھنگ، وہاڑی، بھاولپور اور سمندری سے ہے۔