انڈر23 گیمز ، خواتین مقابلوں میں پشاور اورمردان کی برتری

اتوار 6 مئی 2018 19:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز کے سلسلے میں خواتین کے انٹر ریجنل مقابلے عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ ، پشاور بورڈ اور یونیورسٹی گرائونڈ پر شروع ہوگئے جس کے پہلے روز پشاور نے سکواش اور ٹیبل ٹینس میں ٹرافی اپنے نام کرلی ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ہری پور سید فیاض علی شاہ مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی ، ایڈمنسٹریٹر چارسدہ سپورٹس کمپلیکس سلیم رضا، ڈی ایس او تحسین الله، آرگنائزنگ سیکرٹری حامد علی ، ایڈمن آفیسر جعفر شاہ سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔

محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انڈر23 گیمز کا فائنل رائونڈ مختلف گرائونڈ ز پر جاری ہے خواتین کے مقابلے پشاوریونیورسٹی ، بورڈ گرائونڈ اور عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں جاری ہیں ، پہلے روز کھیلے گئے مقابلوں میں پشاور ریجن کے کھلاڑی چھائے رہے جنہوں نے ٹیبل ٹینس،سکواش میں ٹرافی اپنے نام کرلی ، سکواش کا فائنل پشاور اور مردان کے مابین کھیلاگیا جس میں پشاور کی لائبہ ، نمرہ اور کومل نے مردان کی کلثوم ، زہرہ اور مائرہ کو تین صفر سے شکست دی سیمی فائنل میں پشاور نے ڈی آئی خان جبکہ مردان نے ہزارہ کو شکست دی ، اسی طرح ٹیبل ٹینس میں بھی پشاور کے کھلاڑیوں نے مردان ریجن کو شکست دی ٹرافی پر قبضہ جمایا ، ہیند بال میں پشاور، مردان ، ہزارہ اور بنوں کی ٹیموں نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی پشاور نے ڈی آئی خان ، مردان نے کوہاٹ اور بنوں نے سوات کو شکست دیکر اگلے رائونڈ تک رسائی حاصل کی ، بیس بال میں پشاور اور مردان کی ٹیموں نے فائنل میں جگہ بنائی پہلے سیمی فائنل میں پشاور نے ہزارہ اور مردان نے کوہاٹ کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

(جاری ہے)

ہاکی میں بھی پشاور ڈی آئی خان ، بنوں اورمردان کی ٹیموںنے سیمی فائنل رائونڈ تک رسائی حاصل کی ، بنوں نے ہزارہ کو پانچ ایک ، مردان کو سوات کو تین صفر اور ڈی آئی خان نے کوہاٹ کو تین ایک سے شکست دیکر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا۔ مقابلے تین دن تک جاری رہینگے ۔