خلیل طاہر سندھو کی سیالکوٹ میں تیزاب گردی کی شکار عاصمہ یعقوب مسیح کے گھر آمد

صوبائی وزیرنے پنجاب حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کیلئے 05لاکھ روپے کا امداد ی چیک پیش کیا

اتوار 6 مئی 2018 19:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) صوبائی و زیر برا ئے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طا ہرسند ھو نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دور اقتدار میں اقلیتوں کیلئے بے شمار اقدامات کیئے گئے ہیں اور ہر سطح پر خواتین کے ساتھ بچوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے،تیزاب گردی کی شکار عاصمہ یعقوب اپنی قیمتی زندگی کی بازی ہار گئی ہے تاہم اسکو واپس تو نہیں لا سکتے مگر حکومت پنجاب اور محکمہ انسانی حقوق کے پلیٹ فارم سے متاثرہ خاندان کی داد رسی کیلئے تمام تر اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ کے ہمراہ مرحومہ عاصمہ یعقوب کے ورثاء سے خصوصی ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے اظہار تعزیت اور پانچ لاکھ روپے کا امدادی چیک پیش کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام ، ذوالفقار غوری، پارلیمانی سیکرٹری طارق مسیح گل، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید اور میئر میونسپل کارپویشن سیالکوٹ توحید اختر چودھری بھی موجود تھے۔

تفصیل کے مطابق عاصمہ یعقوب نامی لڑکی جو 17اپریل کو تیزاب گردی کا نشانہ بنی اور بالآخر 22اپریل کو اپنی زندگی کی بازی ہار گئی تھی۔ بعد ازاں عاصمہ کے والد یعقوب مسیح نے پنجاب حکومت سے انصاف اور مدد کی اپیل کی تھی ،جس پر صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور خلیل طاہر سندھو فوری ایکشن لیتے ہوئے 24اپریل کو سیالکوٹ پہنچے اور محکمہ انسانی حقوق کے پلیٹ فارم سے متاثرہ خاندان کو قانونی معاونت کیلئے مفت قانونی ٹیم کی فراہم یقینی بنائی، ملزم کی گرفتاری کے بعد چالان ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جا چکا ہے تاہم آج صوبائی وزراء نے متاثرہ خاندان کو حکومت پنجاب کی جانب سے پانچ لاکھ روپے کا امدادی چیک بھی پیش کردیا ہے۔

یعقوب مسیح نے صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو کا بروقت ایکشن اور قانونی ٹیم کی فراہمی پر ان کے کردار کو بے حد سراہا اور پنجاب حکومت بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے امدادی چیک پیش کئے جانے پر شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے شکر گزار ہیں کہ عام گھرانے کی خبر کو بھی میڈیا پر اٹھایا تاکہ انصاف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ہر وقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے میں کوشاں رہتے ہیں اور میڈیا کے ساتھ ملکر ہی معاشرے میں امن قائم کیا جا سکتا ہے۔