جہلم، سکولز اور ہسپتال کے لئے مختص کردہ پلاٹس کی نیلامی بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے،رانا لیاقت علی

اتوار 6 مئی 2018 19:20

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2018ء) پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکز ی جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی نے کہا ہے کہ ایل ڈی اے کی طرف سے ہائوسنگ سوسائٹیوں میںمفاد عامہ کے لئے مختص کردہ پلاٹس کی نیلامی بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔اگر سکو ل اور ہسپتالوں کے لئے مختص کردہ بڑے بڑے پلاٹس کو ایل ڈی اے بذریعہ اخبار اشتہار نیلام کرے گا تو کس طرح عوام الناس کو مفت تعلیمی اور صحت کی سہولیات میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

کیونکہ بڑے بڑے سرمایہ دار ان مفاد عامہ کے پلاٹس کو خرید کران پر اپنا کاروبار کریں گے اوران اداروں میں عوام الناس کو مہنگی تعلیم اور مہنگا علاج کروانا پڑے گا۔لہذا چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ ہے کہ ایل ڈی اے کو مفاد عامہ کے لئے مختص کردہ پلاٹس کی نیلامی سے روکا جائے اور ان پلاٹس کو فوری طور پر حکومت کے حوالے کرکے ان پر سرکاری تعلیمی ادارے اور ہسپتال بنائے جائیں تاکہ لوگوں کو مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات میسر آ سکیں ۔ جن پلاٹس کا نیلام ہو چکا ہے ان پر بھی نظر ثانی کی جائے ۔چونکہ ہائوسنگ سوسائٹیوں کے الاٹی ہی نے مفاد عامہ کے پلاٹس کی زمین کی قیمت ادا کی ہوتی ہے۔