Live Updates

موجودہ حکومت کی مدت پوری ہونے پر نگران حکومت آئے گی،خواجہ سعد رفیق

اتوار 6 مئی 2018 19:30

لاہور۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی مدت پوری ہونے پر نگران حکومت آئے گی،جمہوریت کی سب سے بڑی جنگ پنجاب کی دھرتی پر لڑی جائیگی،عوام آئین کی حکمرانی،ووٹ کو عزت دوکے ہمارے مشن کی کامیابی کیلئے ہمارے ہاتھ مضبوط کریں،وہ اتوار کے روز والٹن لاہور میں عوامی اجتماع ا ور ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے‘ اس موقع پر دیگر لیگی رہنماء بھی موجود تھے‘ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کون باتیں کرتا ہے اور کون کام کرتا ہے‘ عمران خان میں اگر ہمت ہے تو میدان میں آکر مقابلہ کریں‘ انہوں نے کہا کہ کسی سے نفرت نہیں‘ ہمارا کوئی دشمن ہے اور نہ ہم کسی کے دشمن‘ اختلاف رائے ہو سکتا ہے لیکن ہم سبز ہلالی پرچم تلے سب ایک ہیں‘ انہوں نے کہا کہ ہم وقت پر انتخابات چاہتے ہیں لیکن عمران خان یہ چاہتے ہیں کہ ایک سے ڈیڑھ ماہ کیلئے انتخابات ملتوی ہوں‘ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ان کی سازشوں سے ملکی ترقی کو نقصان پہنچا‘ اگر ملک میں دھرنے نہ ہوتے تو آج لوڈشیڈنگ ختم ہو چکی ہوتی‘ ترقیاتی کام میں رکاوٹوں سے ملک کو نقصان ہوا‘ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت نے ملک میں بجلی کے ریکارڈ منصوبے لگائے‘ ملک میں سڑکوں کا جال بچھ رہا ہے‘ موٹر ویز بنانے کے ساتھ ساتھ کالج یونیورسٹیاں بن رہی ہیں‘ پاکستان ریلویز جو 18 ارب روپے کما رہا تھا اس سال 30 جون کو 50 ارب روپے کمائی کریگا‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے‘ ہم چاہتے ہیں کہ ایک دوسرے پر تنقید ضرور کریں لیکن وہ مثبت ہونی چاہئے‘ ملک میں تلخی میں اضافہ نہیں ہونے دیں گے‘والٹن میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدر فیق نے کہاکہ عمران خا ن کا ذکر وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے ، الیکشن کا معرکہ نزدیک ہے، 21کروڑ عوام کا فیصلہ کوئی اور نہیں وہ خود کریں گے ،تبدیلی ووٹ کے ذریعے ہی آنی چاہیے ، ہمیں پانچ سال کام کرنے کا موقع نہیں دیاگیا ،حکومت کو روکنے کیلئے بے شمار سپیڈ بریکر لگائے گئے ، دھرنے کی وجہ سے سی پیک تاخیر کا شکار ہوا ، خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ لاہور کا ووٹر ساری صورتحال کو دیکھ رہا ہے اور جو ہور ہا ہے ووٹرز کو سب پتہ ہے اور جس نے بھی آگے آنا ہے ووٹ کے ذریعے آئے ،عوام کو جن کا کام پسند آئے گا وہ اسی کو ووٹ دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہمیں پانچ سال ملے ضرور لیکن دو سے اڑھائی سال ریاست کے ضائع کئے گئے اورحکومت کو روکنے کیلئے بے شمار سپیڈ بریکر لگائے گئے اور دھرنوں کی وجہ سے سی پیک تاخیر کا شکار ہوا اگر یہ سب کچھ نہ ہواہوتا اور ہمیں کا م کرنے دیا گیا ہوتا تو آج پاکستان کے حالات کچھ اور ہوتے لیکن پھر بھی ہمیں جتنا کام کرنے دیاگیا اس میں ہم نے دل و جان سے کام کیا اور ملک سے تونائی بحران کا خاتمہ کیا دیگر ترقیاتی منصوبے بھی شروع کر کے ان کو مکمل کیا ۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان اور زرداری بتائیں کہ انہوںنے اپنے اپنے صوبوں میں کیا کام کئے ہیں لوگوں کو کیا سہولیات فراہم کی ہیں ۔ا نہوںنے کہاکہ سندھ اور کے پی کے رہنمائوں کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ پنجاب کو دوسرے صوبوں کی نسبت زیادہ فنڈز دئیے جاتے ہیں جبکہ یہ بات غلط ہے وفاق کی جانب سے سارے صوبوں کو ایک جیسے فنڈز ملتے ہیں بس اس کا صحیح استعمال کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

ا نہوںنے کہاکہ کے پی کے والے پہلے ہماری میٹرو کو جنگلہ بس کہتے رہے اور ا ب خود ہی یہ بس چلا رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ محمد شہبازشریف نے پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ پنجاب واقع ہی پنجاب ہے جبکہ سند ھ اور کے پی کے میں کیا ترقیاتی کام ہوئے ہیں اس کا سب کو پتہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ عمران خان اور زرداری خود کام کریں تو نیکی جبکہ ہم کریں توگناہ انہوںنے تو کام کرنے کا ماحول ہی خراب کر کے رکھ دیا ہے ۔ انہوںنے الیکشن کمیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ذمہ داری سے کام نہیں کیا ، حلقہ 131کی عجیب وغریب کانٹ چھانٹ کی ہے حلقے سے دیہی آبادی کو ہی نکال دیا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات