ضلع انتظامیہ کوہاٹ نے شہری آبادی میں قائم غیرقانونی فائبر گلاس فیکٹری سیل کردی

اتوار مئی 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2018ء)ضلع انتظامیہ کوہاٹ نے غیر قانونی قائم کی گئی فائبرگلاس فیکٹری سیل کردی۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ سمیع اللہ نے پنڈی کوہاٹ روڈپر واقع پر اچہ ٹاؤن میں چھاپہ مار کرشہری آبادی کے بیچ و بیچ قائم فائبر گلاس فیکٹری کو سیل کردیاجوکہ خلاف ضابطہ بنائی گئی تھی ۔

اس موقع پراسسٹنٹ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ آفیسر محمد عادل بھی ان کے ہمراہ تھے۔پراچہ ٹاؤن اور ملحقہ آبادی میں فیکٹری کی وجہ سے سانس کی بیماریاں عام ہونے پر شہریوں کی طرف سے ڈپٹی کمشنرکو متعددشکایات کی گئیں تھیں کہ مذکورہ فیکٹری سے نکلنے والے دھوئیں، گردوغبار اورمشنری کے شورشرابے نے جہاں شہریوں کا جینادوبھر کررکھا ہے وہیںوہ سانس سے متعلق طرح طرح کی بیماریوں میں بھی مبتلاہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سمیع اللہ کا کہنا تھاکہ کوئی بھی فیکٹری،کارخانہ یا صنعت آبادی ،سکول ،ہسپتال یا ہائی وے سے ایک کلومیٹر فاصلے کے اندر نہیں قائم کی جاسکتی جبکہ مذکورہ فائبر گلاس فیکٹری صنعتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گنجان آباد علاقے میں قائم کی گئی تھی جوکہ شہریوں کے لئے کسی عذاب سے کم نہیں تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کے شہریوں کوگندگی سے پاک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں سرگرم عمل ہے اس میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔