تھیلے سیمیا کے سینکڑوں بچے (آج) شہلا رضا کی قیادت میں مزار قائد پر چراغ روشن کریں گے

اتوار مئی 19:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2018ء) عمیر ثناء فائونڈیشن کے زیر اہتمام تھیلے سیمیا کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب (آج) پیر کو مزار قائد کے احاطے میں ہوگی۔ تقریب سے ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا خطاب کریں گی اور تھیلے سیمیا کے مرض میں مبتلا بچے چراغ روشن کریں گے۔تقریب شام 6بجے باب ایمان مزارِ قائد پر شروع ہوگی۔

(جاری ہے)

تقریب میں میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن،،سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے سیکریٹری ڈاکٹرزاہد انصاری،سیکریٹری آف سوشل ویلفیئر حکومت سندھ عالیہ شاہد ،،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور دیگر شریک ہوں گے۔

چراغ روشن کرنے کا مقصد تھیلے سیمیا کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ واضح رہے کہ تھیلے سیمیا ایک موروثی بیماری ہے جو والدین سے بچوں میں منتقل ہوتی ہے،اس بیماری میں خون بننے کا عمل رک جاتا ہے نتیجتاً مریض کو ہر ماہ خون لگوانے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال چھ ہزار بچے تھیلے سیمیا کا مرض لے کر پیدا ہو رہے ہیں۔عمیر ثناء فائونڈیشن گزشتہ 13سال سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کی جدوجہد کر رہی ہے۔