چکوال،مقامی پارلیمنٹرینز کے باہمی اختلافات کی وجہ سے نواز شریف کا دس مئی کا مجوزہ جلسہ عام منسوخ

اتوار 6 مئی 2018 19:50

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کا دس مئی کا مجوزہ جلسہ عام بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ یہ دورہ مقامی پارلیمنٹرینز کے باہمی اختلافات کی وجہ سے منسوخ ہوا ہے۔ مریم نواز شریف نے میاں نواز شریف کے ہمراہ چکوال میں بڑے جلسے سے خطاب کرنا تھا اور اس کیلئے ابتدائی تیاریاں شروع ہوگئی تھیں بلکہ مسلم لیگ ن کی ہائی کمان کی ہدایت پر مسلم لیگی پارلیمنٹرینز اور سردار غلام عباس اپنے باہمی اختلافات ایک طرف رکھتے ہوئے ایک بار ایم پی اے چوہدری سلطان حیدر علی کی رہائشگاہ پر بھی اکٹھے ہوئے تھے اور جلسے کو کامیاب بنانے کا متفقہ فیصلہ بھی کیا تھا۔

مگر بعد ازاں پارلیمنٹرینز کے اندر پکنے والی کھچڑی کی وجہ سے کوئی قابل ذکر تیاری سامنے نہیں آرہی تھی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ چکوال کا جلسہ میاں نواز شریف کی دیگر مصروفیات کی وجہ سے منسوخ کیاگیا ہے۔ میاں نواز شریف کے اس جلسہ عام کو سیاسی حلقے بڑی اہمیت دے رہے تھے اور ا س جلسے میں میجر طاہر اقبال ایم این اے اور سردار غلام عباس جو کہ دونوں این ای64میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں ان کے درمیان زیادہ سے زیادہ بندے جلسہ گاہ میں لانے کا مقابلہ بھی تھا۔ بہرحال مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو پہلے میاں شہباز شریف کے دورہ چکوال کی منسوخی اور اب میاں نواز شریف کے جلسے کی منسوخی سے سخت مایوسی ہوئی ہے۔