شہباز شریف کا دورہ چکوال اتوار کے روز آخروقت میں منسوخ

اتوار 6 مئی 2018 19:50

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا دورہ چکوال اتوار کے روز آخروقت میں ایک بار پھر منسوخ ہوگیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے دس بجے چکوال پہنچنا تھا اور اس کیلئے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال میںہیلی پیڈ بھی قائم کیا گیا تھا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں صبح آٹھ بجے سے ہی پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی تھی۔

اتوار کی صبح موسم ابر آلود تھا اور بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

9بجے صبح جب وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد کی تمام تیاریاں مکمل تھیں اچانک خرابی موسم کا بہانہ بنا کر یہ دورہ پھر منسوخ کر دیا گیا جس کی وجہ سے ضلع چکوال کی15لاکھ عوام کو پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے موجودہ دورہ چکوال کا ابتدائی شیڈول سات مئی کا طے تھا مگر ہفتے کی شام کو اچانک اطلاع دی گئی کہ وزیراعلیٰ پنجاب اتوار کو چکوال آئیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے اس نوعیت کے پہلے بھی پانچ پروگرام بنے تھے مگر وہ بھی پایہ تکمیل تک نہ پہنچے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے 65کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال کی اپ گریڈیشن منصوبے کا افتتاح کرنا تھا اور گندم کی خریداری کے مرکز کا بھی دورہ کرنا تھا۔