باغ ڈھیری ایریگیشن چینل مٹہ سوات پر تعمیراتی کام کی رفتارمزید تیزکی جائے، محمود خان

اتوار 6 مئی 2018 20:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل محمود خان نے کہا محکمہ آبپاشی کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ باغ ڈھیری ایریگیشن چینل مٹہ سوات پر تعمیراتی کام کی رفتارمزید تیز کرکے اس کی تکمیل کو جلدی ممکن بنائیں اور اس کو کارآمد بنانے کے لئے پانی کی آمدورفت پر خصوصی توجہ دیں تاکہ عوامی مفادکے اس حامل منصوبے کے ثمرات سے اہلیان علاقہ مستفید ہو سکیں ۔

یہ ہدایات انہوں نے سوات کے دورے کے دوران باغ ڈھیری ایریگیشن کے چینل کے ہیڈ میں جاری تعمیراتی کام کے معائنے کے دوران دیں ۔اس موقع پر محکمہ پاشی کے افسران کے علاوہ عمائدین علاقہ کی ایک کثیرتعداد موجود تھی ۔ واضح رہے کہ کہ مذکورہ مفاد عامہ کے منصوبے کو ایک ارب روپے کی خطیر رقم سے مکمل کیا جارہا ہے جس سے تقریباً آٹھ ہزار ایکڑ بنجر اراضی قابل کاشت ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

محمود خان نے کہا کہ اس عظیم منصوبے سے تقریباً ایک لاکھ افراد کو پینے کی صاف پانی فراہم ہوجائے گی جس سے حلقہ نیابت کے معاشی حالت میں نمایاں تبدیلی آجائے گی اور اس کے دور رس نتائج کا علاقے پر گہرا اثر پڑے گا ۔محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کھوکھلے وعدوں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اوریہی وجہ ہے کہ ان کے تمام رہنمائوں نے عوام سے کئے گئے وعدوں کوبہترین انداز میں عملی جامہ پہنایا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں ہم اپنی کارکردگی کی بنیادپر میدان میں اتریں گے اور ہماری کامیابی یقینی ہے ۔