Live Updates

گوادر سے پاکستان اور بلوچستان کا مستقبل وابستہ ہے ،قاسم خان سوری

گوادر کے ساحل اور وسائل پر سب سے پہلا حق وہاں کے مقامی افراد کا ہے، ،شمولیتی تقریب سے خطاب

اتوار 6 مئی 2018 20:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے قائدین نے کہا ہے کہ گوادر سے پاکستان اور بلوچستان کا مستقبل وابستہ ہے گوادر کے ساحل اور وسائل پر سب سے پہلا حق وہاں کے مقامی افراد کا ہے پی ٹی آئی مقامی افراد کے ساتھ کسی بھی نا انصافی کو ہرگز برداشت نہیں کریگی ،پاکستان تحریک انصاف دو نہیں ایک پاکستان کیلئے جدوجہد کر رہی ہے جس میں امیر اور غریب کا فرق نہیں ہوگا عوام 2018ء کے انتخابات میں ووٹ کا سوچ سمجھ کر استعمال کریں ۔

یہ بات تحریک انصاف بلوچستان کے جنرل سیکرٹری قاسم خان سوری ، ساتھ ریجن کے صدر میر تاج محمد رند، ویسٹ ریجن بلوچستان کے صدر باری بڑیچ ، انصاف لائرز فرم بلوچستان کے صدر ایوب ترین نے گوادر ساحل عوامی اتحاد کے صدر مولا بخش مجاہد کی جانب سے گوادر ساحل عوامی اتحاد کو تحریک انصاف میں ضم کرنے کے موقع پر پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر مصطفی رمضان ، نبی بخش ،کہدہ اقبال اوردیگر نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیاتقریب میں عین الدین کاکڑ، ادریس تاج ، باز محمدکاکڑ اور دیگر رہنمابھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مقررین نے مولا بخش مجاہد کو گوادر ساحل عوامی اتحا د کو تحریک انصاف میں ضم کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مولا بخش مجاہد اورانکے ساتھیوں کی تحریک انصاف میں شمولیت سے پاکستان تحریک انصاف گو ادر میں مزید فعال اور منظم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 22سال سے ظالم حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کرتی آئی ہے عمران خان نے شریف خاندان کی کرپشن عوام کے سامنے بے نقاب کردی ہے اب وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے ہیں اور شریف خاندان عدلیہ پر بے جا تنقید کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے عوام کے حقوق اور کرپشن کے خلاف اسلام آباد میں 126دن مسلسل دھرنا دیا اورحکمرانوں کی کرپشن اور 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کو عوام کے سامنے لایا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لاہور میں ہونے والے جلسہ عوام میں 11نکات کا اعلان کیا ہے پی ٹی آئی اقتدار میں آکر ان گیارہ نکات پر عملدرآمد کرکے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریگی۔

انہوں نے کہا کہ قوم پرستوں نے عوام کو سبز باغ دکھانے کے سوا کچھ نہیں د یا اب جبکہ انتخابات قریب آرہے ہیں توقوم پرستوں نے ایک دفعہ پھر عوام کو بے وقوف بنانے کا سوچ رکھا ہے عوام اب باشعور ہوچکے ہیں اور وہ 2018ء کے انتخابات میں ووٹ کا استعمال بہت سوچ سمجھ کرکریں گے۔ انہوںنے کہا کہ عوام 2018ء کے انتخابات میں ملک بھر سے پی ٹی آئی کے نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ دیکرکامیاب بنائیں ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں تحریک انصاف اقتدار میں آکر دو نہیں ایک پاکستان بنائے گئی جس میں غریب اور امیر کا فرق نہیں ہوگا سب کو یکساں تعلیم ، صحت اوردیگرسہولیات میسر ہونگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات