ریپڈ بس منصوبہ دنیا کی تاریخ میں سب سے جلد مکمل ہونے والا منصوبہ ہوگا، پرویز خٹک

بی آر ٹی منصوبہ 8ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہو جائے گا ، ریلوے سے اراضی اور قرضہ لینے میں دوسال کا ٹائم لگا،میڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے ، میڈیا کرکٹ لیگ کی اختتامی تقریب سے وزیراعلی خیبرپختونخوا کا خطاب

اتوار 6 مئی 2018 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ریپڈ بس منصوبہ دنیا کی تاریخ میں سب سے جلد مکمل ہونے والا منصوبہ ہے جو آٹھ ماہ میں مکمل ہو جائیگا ، بی آر ٹی کی بسیں جون میں پشاورآ جائینگی ، منصوبہ 8ماہ کے قلیل وقت میں مکمل ہوگا جبکہ منصوبے میں تاخیرپہلے ریلوے کی جانب سے ہوئی جس میں دوسال زمین دینے پر لگے ، نگراں سیٹ اپ کیلئے حز ب اختلاف سے بات چیت جاری ہے ، ان خیالات کا اظہارانہوںنے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں منعقدہ آرایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ کے فائنل کے موقع پر بطور مہمان خصوصی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ کے ترجمان و ممبر صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی ،پشاور پریس کلب کے صدر عالمگیر خان، سی ای او آر ایم آئی شفیق الرحمان، ٹاپ اپ واٹر کمپنی کے ایگزیکٹیو شاہد ، ٹریفک وارڈن پولیس، ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی، ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کے عہدیداران، سینئر صحافی ایم ریاض، محمود جان بابر، شاہد حمیداور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں سٹرکچر 32ارب میں بنایا گیا یہاں 26ارب میں بنا، بی آرٹی منصوبہ دنیا کا تیز ترین کنسٹرکشن کام ہوگا بی آرٹی کا ، دوسال ہمیں ایشین بینک سے قرضہ لینے میں لگے ، یہ شہریوں کیلئے مفید منصوبہ ہوگا ،میڈیاکو بہترین کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارک باد دیتا ہوں، اختتامی تقریب سے قبل ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں پی پی سی قلندرز اور پی پی سی مارخور کی ٹیموں کے مابین آرایم آئی میڈیاکرکٹ لیگ 2کا فائنل منعقد ہواجس میں قلندرز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 12اوورزمیں 7وکٹوں کے نقصان پر 83رنز بنائے ، جس میں محمود 28رنز بنا کرنمایاں رہے ، مارخور ٹیم کی جانب سے افتخار نے بہترین بائولنگ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹرک کی ، جواب میں مارخور کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 4کھلاڑیوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، مارخورکی جانب سے یاسر علی 37اور رضوان 28رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے ، میچ کے آخر میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ٹورنامنٹ کی فاتح اور رنز اپ ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے ،جبکہ مین آف دی میچ کھلاڑی افتخار کو ٹاپ اپ واٹر کمپنی کی جانب سے کیش انعام اور آرایم آئی کی جانب سے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی ، بہترین بائولر کو بھی انعامات سے نوازا گیا،میچ میں امپائرنگ کے فرائض ثناء اللہ اور عثمان نے سرانجام دیئے جبکہ سکورنگ عمران یوسفزئی نے کی ۔