بھارتی فوج کے اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کی تحریک آزادی اور زیادہ قوت پکڑ رہی ہے، ابو الہاشم ربانی

اتوار 6 مئی 2018 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2018ء) جماعة الدعوة لاہور کے مسئول ابو الہاشم ربانی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کی تحریک آزادی اور زیادہ قوت پکڑ رہی ہے۔ کشمیری پاکستان کو دنیا میں اپنا وکیل سمجھتے ہیںمگر پاکستانی حکمران اس سے بے بہرہ رہنا زیاہ پسند کرتے ہیں۔ نئے صدارتی آرڈیننس اور ترمیمی بل میں بعض شقیں کشمیریوں کی کمر میں چھرا گھوپنے کے مترادف ہیں۔

اللہ کی اتنی پکڑ کے باوجود بھی حکمرانوں کی مودی سے دوستی نبھانے کی خواہش میں کوئی کمی نہیں آرہی۔ مظلوم کشمیریوں کی مددوحمایت جاری رکھیں گے۔ وہ سمن آباد میں کارکنان کی تنظیمی مجلس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں بلیک کیٹ کمانڈوز کی تعیناتی اس بات کی واضح نشانی ہے کہ کشمیر میں پہلے سے موجود فوجیں جذبہ آزادی کو کچلنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسزز بوکھلاہٹ میں کشمیری خواتین کی عصمت دری کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کررہی ہیں۔ درجنوں شہادتوں کے باوجود بھی کشمیریوں کے حوصلے ذرہ برابر بھی ماند نہیں پڑتے۔ ابو الہاشم ربانی نے کہا کہ انڈیا کشمیر میں ہرروز ظلم کی نئی داستان رقم کرتا ہے مگر آزادی کے متوالے کشمیریوں کے حوصلے کم نہیں کرسکا۔ جولائی 1947 میں کشمیریوں نے الحاق پاکستان کا اعلان کر دیا تھا۔

اکہتر برس بعد بھی وہ ہر روز سبزہلالی پرچم لہرا کر اور شہداء کو پاکستانی پرچم میں دفنا کر پاکستان سے اپنا رشتہ واضح کر رہے ہیں۔ مودی سرکار کو اس بات کی سمجھ نہیں آرہی کہ طاقت کے زور پر کشمیری حریت پسندوں کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون سے غداری اللہ کے مزید عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔بھارت سے یک طرفہ دوستی میں مصروف حکمران اپنی آنکھیں کھولیں اور مظلوم کشمیریوں کی آواز سے آواز ملائیں۔ کشمیر کی آزادی تک خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔