لاہور،عوامی رکشہ یونین کاچیف جسٹس صدر ڈویژن پولیس کی سرپرستی میں ہونے والی بھتہ خوری فوری طور پر بند کروانے کی اپیل

جب تک پولیس غیر سیاسی نہیں ہوگی نہ غریب پر مظالم ختم ہوں گے نہ انصاف کا حصول ممکن ہو سکے گا،حافظ مظہر جیلانی

اتوار 6 مئی 2018 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2018ء) عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ مظہر جیلانی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ صدر ڈویژن پولیس کی سرپرستی میں ہونے والی بھتہ خوری فوری طور پر بند کروائیں اور پولیس کو غیر سیاسی کرنے میں اپنا کردار ادا کریں جب تک پولیس غیر سیاسی نہیں ہوگی نہ غریب پر مظالم ختم ہوں گے نہ انصاف کا حصول ممکن ہو سکے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب کے باہر بہت بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان غریبوں کے لئے مسیحا بن کر سامنے آئیں ہیں ملک کے ہر طبقے کو ان سے امیدیں وابسطہ ہیں۔ اس موقع پرحاجی رفاقت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے سابق سی ٹی او کیپٹن (ر) مبین شہید نے رکشہ ڈرائیوروں کے مطالبے کو جائز مانتے ہوئے لاہور کے مختلف مقامات پر سٹینڈ لے کر دیئے ہیں شہر سے غنڈہ عناصر کے سٹینڈ وں پر قبضے ختم اور ان کی بھتہ خوری ختم ہوچکی تھی لیکن ان کی شہادت کے بعد آہستہ آہستہ مقامی پولیس کے اہلکار سیاسی اثرو رسوخ رکھنے والے غنڈوں کے ایما پرہراساں کرتے ہیں اور بھتہ خوری میں رکاوٹ بننے والے رکشہ ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے جوہر ٹائون ایل بلاک کی چوکی کے اہلکار وں نے چند روز قبل بھی عوامی رکشہ یونین کے سینئر ممبرکو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اوراسے غلیظ گالیا دیں۔

(جاری ہے)

جنرل بس سٹینڈ پر بھی بھتہ خوری عروج پر ہے جہاں دو طرح کی پرچی لی جاتی ہے ایک پرچی گیٹ سے اند ر داخل ہونے کی ہے جس کی فیس دس روپے وصول کی جاتی ہے جبکہ دوسری غنڈہ عناصر وصول کرتے ہیںجو 20روپے سے لیکر 50روپے تک وصول کی جاتی ہے۔اس پرچی کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو سرعام جوتوں سے مارا جاتا ہے تاکہ دوسرے رکشہ ڈرائیور ڈر کر ان کو بھتہ ادا کریں۔

حاجی رفاقت نے مطالبہ کیا ہے بھتہ خوری کا سلسلہ فور ی طور پر بند کرایا جایا ورنہ کل سے شہر کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہروںکا سلسلہ شروع کر دیںگے ۔جن کی قیادت مقامی یونٹوں کے صدور کریں گی اور 10 مئی بروز جمعرات کو ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں ہزاروں رکشہ ڈرائیور مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیں گے جس کی قیادت عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری کریں گے۔