حوثی باغی مکہ معظمہ پر میزائل حملے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں‘جس طرح اللہ تعالیٰ نے یہودیوں کی چالوں اور ریشہ دوانیوں کو ناکام ونامراد کیا ہے، اسی طرح حوثیوں کو بھی ان کی سازشوں میں ناکام کرے گا

امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر کا تقریب سے خطاب

اتوار 6 مئی 2018 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے حوثی باغی مکہ معظمہ پر میزائل حملے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں۔جس طرح فلسطین میں قابض یہودی مسجد اقصیٰ کی آئے روز بے حرمتی کرتیاور مقدس مقامات کی توڑپھوڑ کرکے اسلام دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہیں حوثی باغی بھی یہودیوں کی مانند اسلام سے بغض، نفرت اور دشمنی میں حرمین شریفین کا تقدس پامال کررہے ہیں۔

جس طرح اللہ تعالیٰ نے یہودیوں کی چالوں اور ریشہ دوانیوں کو ناکام ونامراد کیا ہے، اسی طرح حوثیوں کو بھی ان کی سازشوں میں ناکام کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریاض میں امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب عبدالمالک مجاہد کی طرف سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے دستوں کی سعودی عرب آمد خوش آئند ہے ۔

پاک فوج سعودی عرب کو اندرونی سکیورٹی خطرات میں معاونت کے لیے بھیجی گئی ہے اور پارلیمنٹ کی ماضی کی قرار داد میں بھی واضح کیا گیا تھا کہ پاک فوج بیرونی فورسز سے نہیں لڑے گی صرف ان کی مدد کرے گی۔ اس موقع پر پارلیمنٹ کی پرانی قرار داد کا حوالہ دینے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ برے وقت میں سعودی عرب پاکستان کے لیے جس طرح کام آیا ہے ہمیں اسے انہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے اور ان کے احسانات کے مقابلے میں یہ معمولی سی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے فوجی دستوں کی سعودی عرب روانگی کو درست اقدام سمجھتے ہیں۔ سعودی عرب میں پاک فوج کے دستے سعودی افواج کو ٹریننگ دیں گے‘ ان کی مدد کریں گے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ جب سعودی عرب کا یمن اور بحرین کے ساتھ تنازعہ شروع ہوا تھا اسی وقت ہی پاک فوج بھیج دینا چاہیے تھی۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ سعودی عرب کے پاکستان پر مالی‘ سیاسی‘ رفاہی حوالوں سے بے پناہ احسانات ہیں۔

اسی طرح کشمیر کے مسئلہ پر ہمیشہ سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا۔ پروفیسر ساجد میر نے اپنے دورے کے دوران رابطہ عالم اسلامی کی کانفرنس میں شرکت کریں گے علاوہ ازیں سعودی شیوخ، وزراء اور امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ آپ کے ہمراہ وفد میں ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم بھی شامل ہیں ۔