افغانستان کے پہلے ٹیسٹ کی خوشیاں ماند پڑنے لگیں

افغانستان کیخلاف ٹیسٹ میچ میں بھارتی بورڈکا ویرات کوہلی کے بعد مزید8ٹیسٹ اسپیشلسٹ پلیئرز کو نہ کھلانے کا فیصلہ

اتوار 6 مئی 2018 20:30

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) افغانستان کے پہلے ٹیسٹ کی خوشیاں ماندپڑنے لگیں، بھارت نے اپنے دوست کے تاریخی مقابلے کا مزہ کرکرا کرنے کا پورا انتظام کرلیا۔افغانستان نے ٹیسٹ اسٹیٹس حاصل ہونے کے بعد پانچ روزہ کرکٹ میں اپنے سفر کا آغاز بھارت میں کرنے کا حیران کن فیصلہ کیا،اس مقصد کیلیے رواں برس جون کی تاریخ مقرر ہوئی جب بنگلور میں واحد میچ کھیلا جائے گا۔

اس میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی تو پہلے ہی شریک نہیں ہورہے۔اب یہ رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ مزید 8 ٹیسٹ اسپیشلسٹ پلیئرز کی بھی میچ میں شرکت کا امکان کم ہے، جس بی ٹیم نے مارچ میں سری لنکا میں ٹوئنٹی 20 ٹرائنگولر سیریز کھیلی تھی اسی کو میدان میں اتارا جا سکتا ہے۔ویرات کوہلی جون میں سرے کی نمائندگی کریں گے جبکہ باقی 8 کھلاڑیوں کو بھی انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے کیلئے قبل از وقت وہاں بھیجنے پر غور کیا جا رہا ہے، ان میں ایشون، بھونیشورکمار، جسپریت بمرا، ایشانت شرما، اجنکیا راہنے، چتیشور پجارا، مرلی وجے اور شیکھر دھون شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اسپیشلسٹ پلیئرز کو قبل ازوقت انگلینڈ بھیجنے کی منصوبہ بندی ہورہی ہے، بنگلور میں افغانستان سے واحد میچ کھیلنے سے زیادہ فائدہ انھیں وہاں جانے سے ہوگا۔