سلمان بٹ نے کامران اکمل کا زیادہ لسٹ اے سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا

سلمان بٹ 22 سنچریاںسکور کرنیوالے قومی بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں

اتوار 6 مئی 2018 20:30

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز سلمان بٹ نے لسٹ اے کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے کا وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کا ریکارڈ توڑ دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے پاکستان ون ڈے کپ میں سابق کپتان سلمان بٹ نے سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے پنجاب کے خلاف91گیندوں پر17چوکوں کی مدد سی101رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔

یہ 33سالہ سلمان بٹ کی لسٹ اے کرکٹ میں 22ویں سنچری تھی جس کیساتھ ہی وہ زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنیوالے قومی بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں ۔ ٹیسٹ اوپنر سلمان بٹ اب تک 192لسٹ اے میچز کی190اننگز میں 44.98 کی اوسط سے 7873رنز سکور کرچکے ہیں جس میں22سنچریاں اور41نصف سنچریاں شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

لسٹ اے کرکٹ میں پاکستان کیلئے قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور26سنچریوں کیساتھ سب سے زیاد ہ سینکڑے سکور کرنیوالے ملکی بلے باز ہیں ۔

ٹیسٹ اوپنر خرم منظور23سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں ،قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازکامران اکمل نے 21سنچریوں کیساتھ چوتھی پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈمین ظہیر عباس19سنچریاں سکور کرکے پانچویں جبکہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی 18سنچریاں سکور کرکے چھٹے نمبر پر موجود ہیں ۔ بابر اعظم اور سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ17،17سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر ساتویں ،ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد ،سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل رانڈر شعیب ملک 16،16سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر آٹھویں اور سابق کپتان محمد یوسف اور رمیز راجہ15، 15لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر نویں نمبر پر موجود ہیں ۔