بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیاں میں مزید چار نوجوان شہید کر دیئے‘ تعداد 8 ہو گئی

بھارتی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں متعدد نوجوان زخمی‘علاقے میں شدید مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا

اتوار 6 مئی 2018 20:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع شوپیاں میں چار کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے بادی گام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔قبل ازیں اسی علاقے میں ایک جھڑپ کے دوران بھارتی فورسز کے دو اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں متعدد نوجوانوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آصف احمد میر ایک اکیس سالہ نوجوان سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا ہے اور اسے تشویشناک حالت میں سرینگر کے ایس ایم ایس ایس ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔?ان چار نوجونوں کی شہادت سے گزشتہ روز سے مقبوضہ علاقے میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی۔ بھارتی فوجیوں نے 3 نوجوانوں کو ہفتے کے روز سرینگر کے علاقے چھتہ بل میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیاتھا۔۔بھارتی فوج کی ایک گاڑی نے ایک اور نوجوان کوصفا کدل میں کچل کر شہید کردیاتھا۔