ماضی میں گراں فروشی میں ملوث رہنے والوںکی رمضان المبارک میں کڑی نگرانی کی جائیگی ‘ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی

ایسے دکانداروںکی فہرستیں مرتب کر لی ہیں،رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے دن رات ایک کر دینگے‘ میاں عثمان کی گفتگو

اتوار 6 مئی 2018 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ،تھوک مارکیٹوں اور پرچون دکانداروں کی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے پیشگی رابطے کر کے ان سے بھرپور تعاون مانگا گیا ہے ، عوام مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کا اپنے طور پر بھی محاسبہ کریں۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ کمشنر لاہور ڈویڑن اور ڈپٹی کمشنر کی مشاورت سے رمضان المبارک میں اوپن مارکیٹوں کے دوروں کیلئے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے اور انشا اللہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ماضی میں گراں فروشی میں ملوث رہنے والے دکانداروںکی رمضان المبارک میں کڑی نگرانی کی جائے گی اور اس کیلئے فہرستیں بھی مرتب کر لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرکزی سبزی و فروٹ منڈی، اکبر ی منڈی سمیت دیگر غلہ مارکیٹوں اور پرچون دکانداروں کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت کی کاوشوں میں بھرپور ساتھ دیا جائے گا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ دکانداروں سے ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کا مطالبہ کریں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے تاکہ یہ لوگ آئندہ اس سے باز رہیں۔