اسکولز کی چھٹیاں15مئی سے کی جائیں، سید شہزاد اختر

اتوار 6 مئی 2018 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) پیک پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر سید شہزاد اختر نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے باعث اسکولز کی چھٹیوں کا اعلان 15مئی سے کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیک کے مرکزی آفس ڈی ایچ اے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں اسکولز کی قبل از وقت چھٹیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

سید شہزاد اختر نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید گرمی کی پیش گوئی کے باعث اسکولز کی چھٹیاں 15مئی سے 15جولائی تک کرنے کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر قائد میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ روز بروز بڑھتاجارہا ہے ایسے میں بچوں کو اسکولز میں تعلیم کی فراہمی میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے جبکہ رمضان المبارک بھی شروع ہونے والے ہیں اس لئے وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر تعلیم سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ موسم گرما کی چھٹیاں 15مئی سے کرانے کیلئے خصوصی دلچسپی لیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ممبر میٹرک بورڈ غلام عباس بلوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ سنجیدہ بنیادوں پر حل کیا جائے۔ اجلاس میں پیک کے عہدیداران جواد حیدر نقوی،غلام محی الدین، شاہ جہاں، نصیر الدین، ملک سجاد، ظفر، رفیق، احمد خان، وقاص، اعجاز، مزمل شاہ، وارث شاہ، شکیل، طاہر، خلیق، رشید، اسلم، یونس بلوچ،فہدشریف،رضا آفریدی، فرحان، ہدایت اللہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔#