چیمپیئنز ٹرافی کی تیاری ،پی ایچ ایف کا قومی ٹیم کے 3کیمپ لگانے کا فیصلہ

اتوار 6 مئی 2018 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے 3کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہالینڈ میں لگنے والے آخری کیمپ کیلئے 18کے بجائی22کھلاڑیوں کو لیجانے کا فیصلہ کیا ہے ۔آئندہ ماہ ہالینڈ کے شہر بریڈا میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑی ان دنوں ایبٹ آباد کے فٹنس کیمپ میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

15 مئی تک شیڈول کیمپ صرف کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کیلئے لگایا گیا ہے جبکہ کیمپ کا دوسرا مرحلہ عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا جس میں کھلاڑیوں کو خصوصی پریکٹس کرائی جائے گی۔جون کے آغاز میں پاکستانی اسکواڈ ہالینڈ جائے گا اور وہاں پر لگائے جانے والے تربیتی کیمپ میں شرکت کرے گا۔ فیڈریشن ذرائع کے مطابق اس کیمپ میں 18کے بجائے 22 کھلاڑی شریک ہوں گے۔ 3 گول کیپرز، 5پنالٹی کارنر اسپیشلسٹس کیمپ کا حصہ ہوں گے۔ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو ہالینڈ کے گول کیپر ٹرینر، ملائیشیا کے فزیو تھراپسٹ اور آسٹریلوی فزیکل ٹرینر کی خدمات حاصل ہوں گی۔ کیمپ کے دوران ہی 18رکنی ٹیم کا حتمی اعلان بھی کیا جائے گا۔