ٹریفک پولیس کا پشاور کے مختلف بازاروں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن

140ملزمان گرفتار، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر100سے زائد گاڑیوں کا چالان

اتوار 6 مئی 2018 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) ٹریفک پولیس کا اتوار کو چھٹی کے روز بھی صوبائی دارالحکومت پشاور کے مختلف بازاروں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن ،140ملزمان گرفتار، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر100سے زائد گاڑیوں کا چالان، تجاوزات اور غیر قانونی اڈوں کے خلاف ٹریفک پولیس کا آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی کی ہدایت پر ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر گوسید رحیم کی نگرانی میں ایس ایچ او ٹریفک علی گوہر خان نے بمعہ دیگر نفری گزشتہ روز اتوار کو چھٹی کے باوجود پشاور کے مختلف بازاروں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران تجاوزات کا سبب بننے 140ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔

آپریشن کے حوالے سے ایس ایچ او ٹریفک علی گوہر خان نے بتایا کہ یہ آپریشن ہم ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے کررہے ہیں اور اس کی ہدایت ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی نے دی ہوئی ہے جبکہ آپریشن کی نگرانی ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر سید رحیم خان کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن اس قت تک جاری رہے گا جب تک تجاوزات کاسبب بننے والا ایک بھی ملزم یا ایک غیر قانونی اڈہ بھی باقی ہو۔

انہوںنے کہا کہ ہم نے ہتھ ریڑھی بانان اور غیر قانونی اڈوں کے مالکان کو اس سے قبل بھی گرفتار کرلیا تھا لیکن وہ باز نہ آئے اور انہوں نے پشاور کی شاہراہوں پر ہتھ ریڑھیاں اور سوزوکیاں وغیرہ کھڑی کردی جس سے پشاور کے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا تھا اور جب شہریوں نے ٹریفک افسران کو تجاوزات سے آگاہ کیا تو ہم نے اتوار کو چھٹی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ہتھ ریڑھیوں اور غیر قانونی اڈوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران ہم نے تجاوزات کا سبب بننے والے 140 ملزمان کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کردیا۔ ایس ایچ او ٹریفک علی گوہر خان نے عوام اور پشاور کے تاجران سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے وہ ٹریفک پولیس کا ساتھ دیںکیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر تجاوزات کے خاتمے میں سو فیصد کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی۔

متعلقہ عنوان :