حافظ آباد میں متعدد واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بندش

لاکھوں روپے مالیت سے شہر میں نصب کی گئی سٹریٹ لائٹس اور خفیہ کیمروں کی خرابی کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا

اتوار 6 مئی 2018 20:30

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) حافظ آباد میں متعدد واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بندش اور لاکھوں روپے مالیت سے شہر میں نصب کی گئی سٹریٹ لائٹس اور خفیہ کیمروں کی خرابی کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لیکن ارباب اختیار کی جانب سے اس جانب کوئی توجہ نہ دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار رانا خالد محمود کی زیرصدارت عوامی محاذ حافظ آباد کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ شہر کے اکثر فلٹریشن پلانٹس بند پڑے ہیں جبکہ جو چالو ہیں انکے فلٹرز کی صفائی کئی کئی ماہ نہیںکی جاتی۔ کمیٹی باغ میں قائم مین ٹینکی بھی عرصہ دراز صفائی سے محروم چلی آرہی ہے جس کی وجہ سے شہری گندہ پانی پینے پر مجبور چلے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس امر پر سخت افسوس کا اظہار کیا گیا کہ شہر کی اکثر شاہرائوں بالخصوص مسلم لیگ ن کے ضلعی سیکریٹریٹ سے ملحقہ سڑک پر لاکھوں روپے کی لاگت سے سٹریٹ لائٹس نصب کی گئی تھیں جو خراب چلی آرہی ہیں جبکہ شہر میں لاکھوں روپے سے لگائے جانے والے خفیہ کیمرے جن کا کنٹرول روم جناح پبلک ہال میں ہے ۔

وہ بھی خراب چلے آرہے ہیں جس کی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ یا حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا گیا کہ شہر بھر میں خراب پڑے فلٹریشن پلانٹس اور خفیہ کیمرے فوری چالو کروائیں جائیں اور سٹریٹ لائٹس کو بھی بحال کیا جائے تاکہ شہریوں کی پریشانی کا ازالہ ہوسکے۔