مئی کو اے این پی کے سب سے زیادہ کارکن شہید ہوئے، شاہی سید

اتوار 6 مئی 2018 20:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کی جانب سے باچا خان مرکز سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق علی وزیر کی قیادت میں پختون تحفظ موومنٹ کے وفد نے مردان ہاؤس میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئر مین شاہی سید سے ملاقات کی ،اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری اور ضلع غربی کے جنرل سیکریٹری ارشد سہیل بھی موجود تھے ، ملاقات میں پختونوں کودرپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر صوبائی صدر شاہی سید نے وفد کو آگاہ کیا کہ12 مئی 2007 کو ملک میں قانون کی بالادستی کے لیے سب سے زیادہ شہداء عوامی نیشنل پارٹی نے دیے تھے اسی لیے عوامی نیشنل پارٹی ہر سال سانحہ 12 مئی کو بھر پور عقیدت و احترام سے مناتی ہے اور گزشتہ ماہ 11 اپریل کو مردان ہاؤس میں پارٹی کے صوبائی تھنک ٹینک کے اجلاس میں ہم نے 12 مئی کو تعزیتی جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا اعلان ہم نے اسی روز پریس کانفرنس میں کیا تھا ، جب تک سانحہ 12 مئی کے شہداء کے لواحقین کو انصاف نہیں ملتا اس وقت تک ہم ہر سال اپنے شہیدوں کی یاد میں یہ دن بھر پور عقیدت و احترام سے مناتے رہیں گے ، اس موقع پر پختون تحفظ موومنٹ کے وفد نے یقین دلایا کہ پی ٹی ایم اپنے 12 مئی کے جلسہ عام کی تاریخ پر نظر ثانی کرے گے ، پی ٹی ایم آج اپنے مشاورتی اجلاس کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کرے گی ،پختون تحفظ موومنٹ تمام پختون اکابرین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور فاصلے اور انتشار کا سبب بننے والے کسی اقدام پر یقین نہیں رکھتی ۔