اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا ٹی ٹونٹی دوستانہ کرکٹ میچ بارش کے باعث ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا

اتوار 6 مئی 2018 20:31

فیصل آباد۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) کمشنر الیون اور آر پی او الیون کی ٹیموں کے مابین اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا ٹی ٹونٹی دوستانہ کرکٹ میچ بارش کے باعث ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔ فلڈ لائٹس میچ میں آرپی او الیون کی ٹیم کے کپتان ریجنل پولیس آفیسر بلال صدیق کمیانہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا او سی پی او اطہر اسماعیل کے ہمراہ عمدہ شراکت قائم کی ۔

آرپی او الیون کے دیگر کھلاڑی ایس پی لائلپور ٹائون محمد محی الدین نے بھی متاثر کن پروفارمنس دکھائی۔آر پی او الیون نے مقررہ اوورز میں 202 رنز سکور کئے۔کمشنر الیون کی جانب سے کیئر ٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیر کامیاب بالررہے۔203 رنز کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے کمشنر الیون کی جانب سے ٹیم کے کپتان ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور عمران خاں میدان میں آئے اور انتہائی جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے محض بارہ اوور میں ٹیم کا سکور 125 رنز تک پہنچا دیا ۔

(جاری ہے)

عمران خاں کے آئوٹ ہونے کے بعدڈائریکٹر اینٹی کرپشن طارق قریشی نے بھی سلمان غنی کے ساتھ مل کر تیز رفتاری سے سکور بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔میچ کے اختتامی حصے میں تیز بارش کے باعث کھیل کو روکناپڑا اور دونوں ٹیموں کے مابین میچ ڈرا ہوگیا ۔ کمشنر الیون کے دیگر کھلاڑیوں میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد‘ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم‘سیکرٹری آرٹی اے مصور خاں نیازی‘اسسٹنٹ کمشنرز احمر سہیل کیفی‘صولت حیات‘شہریار عارف‘عبدالرزاق ڈوگر‘عبدالغفارشامل تھے جبکہ آرپی او الیون میں مخلتف ٹائونز کے ایس پی‘ڈی ایس پی نے میچ میں حصہ لیا۔

ڈویژنل کمشنر مومن آغا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مہر شفقت اللهمشتاق کے علاوہ ڈویژنل وضلعی اور پولیس انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کمشنر اور آرپی او الیون کے مابین دوستانہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ پیشہ وارانہ امور کے ساتھ ساتھ کھیلیں بھی انتہائی ضروری ہیں جس سے صحت برقرار رہتی ہے۔انہوں نے کرکٹ میچ میں دونوں ٹیموں کے عمدہ کھیل کی تعریف کی اور کہاکہ افسران کے مابین مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا باقاعدگی سے انعقاد ہونا چاہیے۔