صدر ممنون حسین کی وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی سختی سے مذمت

اتوار 6 مئی 2018 20:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلاف کا اظہار تشدد کے ذریعے نہیں ہونا چاہئے کیوں کہ عدم برداشت معاشرے کے لیے زہر قاتل کی حیثیت رکھتا ہے جو ملک کی ترقی اور استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

(جاری ہے)

یہاں جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں انتشار اور تشدد کے فروغ کی ہر کوشش سختی سے کچل دی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں اور زندگی کے ہرشعبے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو عدم برداشت کے خاتمے اور رواداری کے فروغ کے لیے باہم تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے احسن اقبال کی جلد صحت یابی کے لئے دعا اور اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔