کوئٹہ سانحہ ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے شوکت یوسفزئی کی ملاقات

ضلع شانگلہ کے جاں بحق 25افراد کے لواحقین کیلئے تین تین لاکھ روپے امداد کا اعلان

اتوار 6 مئی 2018 21:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کوئٹہ میں ضلع شانگلہ کے جاں بحق 25افراد کے لواحقین کیلئے تین تین لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے ، انہوں نے اس افسوس ناک سانحہ پر سخت افسوس اور لواحقین کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی کے ساتھ گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرکے کوئٹہ کوئلے کان میں ہونے والے سانحہ سے آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ نے اس پر تشویش ظاہر کی کہ کوئلے مزدورں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی نظام نہیں اور کائلے کان میں سانحہ کی صورت میں مزدورں کا کوئی پرسان حال نہیں ، شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے کے پی اسمبلی میں قرار داد بھی جمع کرا چکے ہیں ، وزیر اعلیٰ نے مرنے والے مزدورں کے ورثا ء کو تین تین لاکھ روپے دینے کیلئے ڈی سی شانگلہ کو ہدایت کی کے وہ فوری طور پر جاںبحق ہونے والوں کے کوائف بھیجوائے ، انہوں نے یقین دلایا کہ وہ صوبے میں کوئلہ کان کے مزدورں کے حقوق کے تحفظ اور انشورنس پالیسی یقینی بنانے کیلئے مئوثر قانون سازی کرینگے ، شوکت یوسفزئی نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ شانگلہ بہت پسماندہ ہے ، روز گار کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے لوگ دور دراز اضلاع حتیٰ کہ دوسرے صوبوں میں جاکر محنت ومزدوری کرنے پر مجبور ہیں ، وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت آئندہ ضلع شانگلہ کو سیاحت کا مقام بنائے گی ، نئے نئے سیاحت کے علاقے دریافت کئے جائیں گے ، جس میں مقامی سطح پر روز گار کے مواقع دستیاب ہونگے ، انہوں نے کہا کہ بشام ، چکیسر کو تحصیل اور کانا کو سب تحصیل کا درجہ دینے سے بھی لوگوں کو فائدہ ہوگا ، انہوں نے شانگلہ دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد شانگلہ کا دورہ کرینگے ۔