پاکستان ایک ذمہ دار اور مضبوط مسلمان ملک ہے‘ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دنیا میں اسلام کا صحیح تصور پیش کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ، ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی

اتوار مئی 21:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2018ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور مضبوط مسلمان ملک ہے‘ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دنیا میں اسلام کا صحیح تصور پیش کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے ، اسلام امن بھائی چارے ، رواداری اور برداشت کا مذہب ہے ۔

اسلام دشمنوں نے اسلام کا تصور تروڑ مروڑ کر پیش کیا ہے جس کو ہم تمام مسلمانوں نے نبی اکرم ﷺ کی سیرت کو اپنا کر قرآن کی تعلیمات کو عملی طور پر پیش کرنا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز دعوة اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے 27 ویں انٹرنیشنل ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ پروگرام میں شریک تین براعظموں کے 8 ممالک سے دعوتی تنظیموں کے 18 نمائندوں کے کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہاکہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے۔ اسلام میں زندگی گزارنے کے تمام احکامات موجود ہیں ۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ اسلام کی تعلیمات کی روشنی میں زندگی گزاریں تاکہ غیر مسلم آپ کی زندگی کی پاکیزہ اور عالیشان روایات کو دیکھ کر آپ کی صفوں میں شامل ہو جائیں اور اسلام دشمن قوتوں کو مات دی جا سکے ۔۔ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا ہے کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ چھوٹے اور اقلیتی آبادی والے مسلمان ممالک کو دینی تعلیمات پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے پاکستان کو اسلام کی اصل تعلیمات سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے ۔ اسلامی یونیورسٹی دعوة اکیڈمی اس سلسلے میں اپنے کام کا دائرہ کار مزید وسیع کرے گی۔ اس موقع پر دعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سہیل حسن ، شعبہ تربیت کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد رفیع اور پروگرام کوآرڈینیٹر احسان مالک نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کے اختتام پر کورس کے شرکاء کو اسناد اور شیلڈ دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :