پولیو سے سے بچائو کیلئے والدین، اساتذہ، علماء کرام سمیت ہر ذمہ دار شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

اتوار 6 مئی 2018 21:30

رحیم یار خان۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)بابر سلیمان نے ڈسٹرکٹ انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس وافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس موذی مرض کے مکمل خاتمے کیلئے سرکاری اور بین الاقوامی ادارے قومی جذبے کے ساتھ مل کر کام کریں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے دوچار کرنے والے اس مرض سے بچائو کیلئے والدین، اساتذہ، علماء کرام سمیت ہر ذمہ دار شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے ریڈ پاکستان کی جانب سے ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو ٹیموں کیلئے سایہ دار چھتریاں فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پولیو ٹیموں کی پانچ سال سے کم عمر بچوں تک رسائی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کر نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مقامی عمائدین کے ذر یعے انکار ی والدین کو سمجھایا جائے بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنرز اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ پولیو مہم نہایت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس کے بعد4ماہ کا وقفہ ہو گا لہذا کوئی بھی پانچ سال سے کم عمر بچہ پولیو سے بچائو کی ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے اور اس سلسلہ میں تعاون کرنے والے ادارے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر آغا توحید احمد خان نے شرکاء کو گذشتہ پولیو مہم کے نتائج اور محکمہ کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 7مئی سے شروع ہونے والے پولیو مہم میں 9لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے فیلڈ سٹاف کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔اجلاس میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر مفکر میاں نے گلوبل صورتحال بار ے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :