پہلی سپر کبڈی لیگ کے پانچویں دن کے پہلے میچ میں گوادر بہادرز کو شکست

اتوار 6 مئی 2018 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) پہلی سپر کبڈی لیگ کے پانچویں دن کے پہلے میچ میں گوادر بہادرز نے شکست کا مزہ چکھ لیا چوتھے لیگ میچ میں گوادر بہادرز کو ساہیوال بلز کے ہاتھوں 36-34 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ادھر لاہور تھنڈر کی شکستوں کا سلسلہ جاری رہا، کراچی زورآورز نے لاہور تھنڈز کو 48-32 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے سپورٹس جمنازیم میں کبڈی کے مقابلے جاری ہیں۔

گودار بہادرز کا مقابلہ دیکھنے کیلئے ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد، سلمان بٹ ، نعیم ثاقب، افضال چودھری اور دیگر بھی موجود تھے۔ گوادر بہادر نے گزشتہ روز کراچی زور آورز کو 40-36 سے ہرایا تھا۔ اس طرح گوادر بہادرز کی ٹیم نے اب تک چار میچز کھیلے جن میں سے تین میچوں سے اسے فتح حاصل ہوئی جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

گوادر بہادرز اور ساہیوال بلز کے درمیان میچ بہت زبردست رہا۔

ہاف ٹائم پر 18-15 سکور تھا ۔دوسرے ہاف میں ساہیوال بلز نے بہتر کھیل پیش کرکے اختتامی لمحات میں فتح حاصل کی۔ ادھر لاہور تھنڈر کو مسلسل چوتھی شکست کا سامنا ہوا جب کراچی نے سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرکے ریکارڈ بنایا۔ کراچی زورآور نے لاہور تھنڈرز کو 51-32 سے ہرایا۔یہ میچ دیکھنے کیلئے گلوکار شہزاد رائے بھی میدان میں موجود تھے۔