نئے صوبائی بجٹ میں تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی سمیت غربت کے خاتمے اور نوجوانوں کی بہتری کیلئے خصوصی اقدامات کرینگے،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا تقریب سے خطاب

اتوار 6 مئی 2018 22:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے پرچم کی تقریب رونما ئی اتوار کو کوئٹہ میں ہوئی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ، سابق سینیٹر سعید احمد ہاشمی ، سابق وفاقی وزیر جام کمال خان ، سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ نئے صوبائی بجٹ میں تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی سمیت غربت کے خاتمے اور نوجوانوں کی بہتری کیلئے خصوصی اقدامات کرینگے بلوچستان کا آئندہ بجٹ عوامی ہوگا وانا اور وزیرستان میں سیکورٹی فورسزکی قربانیوں سے انکار ممکن نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ منظؤر پشتین قوم کو بند گلی کی طرف لے جارہا ہے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے سابق سینیٹر سعیداحمد ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی اہم کردارادا کررہی ہے تقریب سے سابق وفاقی وزیر جام کمال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی سے لوگوں کو اپنے فیصلے خود کرنے کا شعور بیدار ہوا ہے اب مری اورلاہور میں ہمارے فیصلے نہیں ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں سب سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے ۔تقریب سے سینیٹر نصیب اللہ بازئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو کوئی نظر انداز نہیں کرسکتا سی پیک منصوبے سے بلوچستان میں ترقی کا سفر شروع ہوگا بلوچستان عوامی پارعٹی صوبے کے عوام کے حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں کریگی ۔شاہ زمان غلزئی نے کہا کہ اقتدار میں آکر صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائیں گے اس لئے مختلف سیاسی جماعتوں سے لوگ ہمارے پاس آرہے ہیں آئندہ انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آکر اپنے لوگوں کی خدمت کرینگے۔