شہبازشریف کی وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت، آئی جی سے فوری طور پررپورٹ طلب

وزیر اعلیٰ نے احسن اقبال کو لاہو ر شفٹ کرنے کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر فوری طور پر نارووال بھجوایا، بہترین علاج معالجہ فراہم کرنے کی ہدایت

اتوار 6 مئی 2018 22:10

لاہور۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پر نارووال کے علاقے میں ایک کارنرمیٹنگ کے دوران فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور اس افسوسناک واقعہ پر آئی جی پولیس پنجاب سے فوری طور پررپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیر اعلی نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وفاقی وزیر داخلہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیااوران کی خیریت دریافت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے فائرنگ کے واقعہ پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیااورکہا کہ فائرنگ کے ذمہ دار قانون کے مطابق سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر تحقیقات کی نگرانی کررہا ہوں۔ وزیر اعلی پنجاب نے احسن اقبال کو لاہو ر شفٹ کرنے کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر فوری طور پر نارووال بھجوایا۔وزیراعلی نے آئی جی پولیس پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ فائرنگ کے ذمہ دار کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیر اعلی نے مزید ہدایت کی کہ احسن اقبال کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔