ہماری حکومت نے محدود وسائل کے باوجود عوام کیلئے بے شمار ترقیاتی منصوبے شروع کر کے مکمل کئے، خوش اختر سبحانی

اتوار 6 مئی 2018 22:10

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما وسابق صوبائی وزیر چودھری خوش اختر سبحانی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کرنے والے تاریخ میں زندہ رہتے ہیں ۔ ہم نے اپنی عوام کی بھرپور خدمت کی اور ہماری سیاست کا ویژن ہی خدمت خلق ہے ۔ غریب عوام کو دور جدید کے مطابق سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ ہماری حکومت نے محدود وسائل کے باوجود عوام کیلئے بے شمار ترقیاتی منصوبے شروع کر کے مکمل کئے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل کمانوالہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل کمانوالہ حاجی محمد اسلم ، وائس چیئرمین نجم الحسن چوہان ایڈووکیٹ ، زبیر ملک سمیت دیگر نے خطاب کیا ۔ چودھری خوش اختر سبحانی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے خلاف تمام سازشیں ناکام ہو ں گی ۔ میاں محمد نواز شریف نے انتہائی بہادری کے ساتھ سی پیک شروع کیا اور ملک بھر میں بڑے منصوبے مکمل کئے اور آج میاں نواز شریف کو ان منصوبوں کی سزا دی جا رہی ہے لیکن قوم صبر کا دامن تھام کررکھے مسلم لیگ(ن) کے ساتھ کو مظبوط کرنا ہے اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی کامیابی کے قوی امکانات ہیں اور ہم کامیاب ہو کر خدمت خلق کریں گے ۔