حسن اقبال پر حملہ اس بات کی عکاسی کر رہا ہے ملک میں دہشت گردی کی جڑیں موجود ہیں، کنوینر ایم کیو ایم پاکستان

جب تک ہم نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی طور پر عمل نہیں کریں گے ،ہم دہشت گردی کا راستہ نہیں روک سکیں گے، خالد مقبول صدیقی

اتوار 6 مئی 2018 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ناروال میں فائرنگ کے نتیجے میں وزیر داخلہ پاکستان احسن اقبال کے زخمی ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ احسن اقبال پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے اور موجودہ سیاسی صورت حال میں یہ واقعہ انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزرات داخلہ ملک کا حساس اور اہم منصب ہے احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ ملک پر حملے کے مترادف ہے، وزیر داخلہ پر حملہ ہمارے سیکیورٹی اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا حسن اقبال پر حملہ اس بات کی عکاسی کر رہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی جڑیں موجود ہیں اور انتہا پسندانہ سوچ ابھی بھی اپنے مضموم ارادوں میں لگی ہوئی ہے،جب تک ہم نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی طور پر عمل نہیں کریں گے اور قومی بیانئے کو اسکول، کالج اوریونیورسٹی کی سطح پر نہیں لائیں گے ہم دہشت گردی کا راستہ نہیں روک سکیں گے،حکومتوں کی ذمہ داری ہے کے وہ اپنے اپنے حصے کا کام جلد از جلد مکمل کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی احسن اقبال کو جلد صحت یابی عطافرمائے۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینرڈاکٹر خالدمقبول صدیقی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔