پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم آئندہ انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کے لئے نفرت پھیلا رہے ہیں، ایاز لطیف پلیجو

اتوار 6 مئی 2018 22:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم آئندہ انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کے لئے نفرت پھیلا رہے ہیں، یہ دونوں کرپشن اور دہشت گردی میں ایک دوسرے کے سہولت کار ہیں اور دونوں نے کراچی حیدرآباد سمیت پورے سندھ کو کھنڈر اور کچرے میں تبدیل کر دیا ہے، اردو اور سندھی بولنے والے بھائی ہیں، خالد مقبول، فاروق ستار اور دیگر سندھ کو متروکہ کہنے سے باز رہیں، متروکہ گالی ہے، ہم اپنی ماں کو گالی برداشت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

پرنس ٹائون حیدرآباد میں شہریوں کے وفد سے گفتگو میں ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سندھ کے مجرم ہیں انہوں نے بادشاہ بن کر سندھ کو لوٹا ہے اور اربوں روپے ہڑپ کر کے باہر ممالک میں پراپرٹی بنائی ہے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم چاہتی تو نفرت، کرپشن اور زمینوں پر قبضہ کرنے کے بجائے کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر سمیت پورے سندھ کو پیرس بنادیتی مگر انہوں نے ڈرینج، صفائی، صاف پانی، تعلیم، صحت سمیت کوئی بھی منصوبہ نہیں بنایا، شہر کچرے کا ڈھیر ہیں، لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے بھی سندھ کے عوام پوچھ رہے ہیں کے آپ نے 10 سال میں کیا کیا روٹی، کپڑا اور مکان دینے کے بجائے عوام کو فقیر بنادیا ہے، یہ دونوں پارٹیاں عوام کے سوالات سے بچنے کے لیئے سندھی اور مہاجر کی نفرت پھیلا کر عوام کو ایک بار پھردھوکہ دے کر ووٹ لینا چاہتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے دہشت گردی کی اور پیپلز پارٹی نے ان دہشت گردوں پر سے قتل کے مقدمات ختم کیئے، ایم کیو ایم نے اسمبلی میں ہر مشکل وقت میں پیپلزپارٹی کے کرپٹ وڈیروں کا ساتھ دیا ہے، اب الیکشن قریب دیکھ کر ڈرامہ کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور دیگر ایم کیو ایم کے دیگر رہنماء الطاف حسین کی نفرت پر مبنی سیاست کرنا بند کردیں، سندھی اور اردو بولنے والے بھائی ہیں، سندھ ہماری ماں ہے، متروکہ لفظ سندھ کے لیئے گالی ہے،جو بھی سندھ کو گالی دے گا ہم اسے برداشت نہیں کریں گے۔