نگران سیٹ اپ کا معاملہ کمیٹی میں حل نہ ہوا تو الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا، ناصر حسین شاہ

متحدہ قومی موومنٹ ’’منتشر قومی موومنٹ‘‘ بن چکی ہے، رینجرز اور پولیس کی قربانیوں کے سبب امن قائم ہوا ہے ،وزیر اطلاعات سندھ

اتوار 6 مئی 2018 22:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ کا معاملہ کمیٹی میں حل نہ ہوا تو الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا، متحدہ قومی موومنٹ ’’منتشر قومی موومنٹ‘‘ بن چکی ہے، رینجرز اور پولیس کی قربانیوں کے سبب امن قائم ہوا ہے مگر متحدہ والے پھر لسانیت کی باتیں کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے حضرت لال شہباز قلندر کی766 ویں عرس مبارک کے موقع پر اتوار کو درگاہ پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی، چیف ایڈمنسٹری اوقاف منور علی مہیسر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہر سال زائرین لال شہباز قلندر کے مزار پر حاضری دینے آتے ہیں، سیکیورٹی انتظامات کے باعث زائرین کو بعض مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے لئے انتظامیہ معذرت خواہ ہے ، انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عرس کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی دلچسپی لے کر انتظامیہ کو بہتر سے بہتر انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے اس لئے کافی بہتر انتظامات کئے گئے ہیں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ قلندر کی درگاہ میں کھڑے ہوکر سیاست نہیں کرنا چاہتے، تاہم جنہوں نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کئے تھے انہوں نے ملک سے بجلی ہی ختم کردی ہے ، انہوں نے کہا کہ عرس کے موقع پر ہیٹ اسٹروک کیمپس لگائے گئے ہیں جبکہ پورے سندھ میں شجرکاری پر کام جاری ہے، ہم بلین ٹریز والے نہیں ہیں جو بلین ٹریز لگانے کے کھوکھلے دعوے کریں، انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کے لئے بات چیت جاری ہے اگر نگران سیٹ اپ کا معاملہ کمیٹی میں حل نہ ہوا تو الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا، انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ "منتشر قومی موومنٹ" بن چکی ہے، رینجرز اور پولیس کی قربانیوں کے سبب امن قائم ہوا ہے مگر اب متحدہ والے پھر لسانیت کی باتیں کررہے ہیں، متحدہ والوں نے پہلے بھی کتابیں فروخت کرکے اسلحہ لینے کا کہا تھا، اب ایسا نہیں ہوگا اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔