سپر کبڈی لیگ میں میزبان لاہور تھنڈرز اپنا چوتھا میچ بھی ہار گئی

پیر 7 مئی 2018 00:50

لاہور۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) سپر کبڈی لیگ میں میزبان لاہور تھنڈرز اپنا چوتھا میچ بھی ہار گئی، کراچی زور آورز نے 51-32 سے میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے کے ساتھ نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا، اب تک کی ناقابل شکست گوادر بہادرز نے بھی شکست کا مزہ چکھ ہی لیا،آخری لیگ میچ میں ساہیوال بلز نے گوادر بہادرز کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 36-34 سے کامیابی سمیٹ لی، سجاد شوکت نے 16 پوائنٹس حاصل کر کے بلز کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، لیگ کے مقابلوں کو چار چاند لگانے کے لئے ٹیسٹ کرکٹرز اعجاز احمد، سلمان بٹ اور گلوکار شہزاد رائے نے بھی سٹیڈیم میں شائقین کے ہمراہ یہ دلچسپ مقابلے دیکھے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام سپر کبڈی لیگ کے دلچسپ مقابلے لاہور میں جاری ہیں، میزبان لاہور تھنڈرز کی شکستوں کا سلسلہ جاری ہے، تھنڈرز گزشتہ روز بھی اپنا میچ ہار گئی،کراچی زور آورز نے لاہور تھنڈرز کو 32 کے مقابلے میں 51 پوائنٹس سے شکست دی۔

(جاری ہے)

میچ کے ہاف ٹائم پر زورآورز کو 14 کے مقابلے میں 23 پوائنٹس کی برتری حاصل کی تھی، دوسرے ہاف میں بھی کراچی زور آورز کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور51-32 سے میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا۔

محمد ندیم 14 پوائنٹس کے ساتھ بیسٹ سکورر رہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کراچی زور آورز نے لیگ کا اب تک کا سب سے بڑا پوائنٹ سکور کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے،اس سے قبل لیگ میں اسلام آباد سٹارز نے 48 پوائنٹس سے ریکارڈ قائم کیا تھا۔ایک اور میچ میں اب تک کی لیگ کی ناقابل شکست رہنے والی گوادر بہادرز کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، ساہیوال بلز نے 34 کے مقابلے میں 36 پوائنٹس سے بازی اپنے نام کی۔ اس موقع پر ٹیسٹ کرکٹرز اعجاز احمد، سلمان بٹ اور گلوکار شہزاد رائے سمیت تماشائیوں کی بڑی تعداد بھی سٹیڈیم میں موجود تھی۔