بھارتی مقبوضہ کشمیر میں کشمیری صرف اپنی آزادی کیلئے برسرپیکار ہیں،وہاں کوئی دہشت گردی نہیں ہو رہی، بیگناہ کشمیریوں کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے،آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود احمد خان کا سیمینار سے خطاب

پیر 7 مئی 2018 00:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں کشمیری صرف اپنی آزادی کیلئے برسرپیکار ہیں،وہاں کوئی دہشت گردی نہیں ہو رہی، بیگناہ کشمیریوں کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشن کے زیر اہتمام یہاں اسلام آباد میں ’’امن کے راستے‘‘ کے موضوع پر دو روزہ سیمینار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے تنازعہ کشمیر کے متعلق غلط بیانیہ پھیلانا شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دوطرفہ مذاکرات کی آڑ میں چھپنا چاہتا ہے اور کشمیر کے عوام اور حقیقی سیاسی قیادت کو مسئلہ کے حل سے متعلقہ بات چیت کے عمل سے باہر رکھنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

صدر مسعود احمد خان نے کہا کہ 1947ء سے لے کر اب تک بھارت مسئلہ کشمیر کے پرامن طریقہ سے حل سے انکاری ہے،بھارت نے کشمیر میں سات لاکھ مسلح افواج تعینات کر رکھی ہیں جو نہتے کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہے ہیں، سرعام نوجوانوں کو قتل کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت تخریبی کارروائیوں اور تخریبی حربوں کے ذریعے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی سازشیں کر رہا ہے،فاٹا، بلوچستان اور کراچی شہر میں دہشت گرد سرگرمیوں کی سرپرستی کررہا ہے۔صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہاکہ بھارت لائن آف کنٹرول کے ملحقہ علاقوں کو بھی نشانہ بنا رہا ہے تاکہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظالم سے دنیا کی توجہ کو ہٹا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے عام شہری، ان کی املاک، مال مویشیوں اور فصلوں کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کا مسئلہ زمین کے کسی ٹکڑے کی ملکیت کا معاملہ نہیں بلکہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد ہے تاکہ کشمیری عوام اپنی مرضی سے اپنی قسمت کا فیصلہ کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور مسلمانوں کے قتل عام کی کارروائیوں کا نوٹس لیں۔ انہوں نے بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔سیمینار سے سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ کشمیر اور پاکستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد حریت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور بھارت اپنے ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی جدوجہد کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکے گا۔

سپیکر آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام خاور، رکن قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی اور کے آئی آر کے چیئرمین نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ تقریب میں مذہبی، سیاسی، سماجی شخصیات ، اساتذہ اور محققین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔