بہتر ہے ایران کو سبق سکھانے میں تاخیر نہ کی جائے، اسرائیلی وزیر اعظم

ہم ایرانی جارحیت کو روکنے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں خواہ اس کے لیے کسی تنازع میں داخل ہونا پڑے،خطاب

پیر 7 مئی 2018 11:40

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہاہے کہ ایران شام کو جدید ہتھیار فراہم کر رہا ہے جو اسرائیل کے لیے خطرہ ہے لہذا بہتر ہے کہ ایران کا مقابلہ بعد میں کرنے کے بجائے جلد کر لیا جائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ہم ایرانی جارحیت کو روکنے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں خواہ اس کے لیے کسی تنازع میں داخل ہونا پڑے۔

آج کل سے بہتر ہے۔

(جاری ہے)

ہم چڑھائی نہیں چاہتے مگر کسی بھی منظر نامے کے لیے تیار ہیں۔اسرائیل بارہا خبردار کر چکا ہے کہ وہ پڑوسی ملک شام میں ایران کے مستقل عسکری وجود کو کسی طور درگزر نہیں کرے گا۔ایران شامی حکومت کے صدر بشار الاسد کا مرکزی حلیف ہے اور اس نے بشار کی فوج کے لیے فیصلہ کن عسکری امداد اور کمک پیش کی۔نیتن یاہو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آیا ان کا ملک 2015 میں ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے سے دست بردار ہو جائے یا نہیں۔