پی ٹی آئی رہنما سردار کامل عمر کی بھائیوں سمیت وزیر اعلٰی پنجاب سے ملاقات

سردار کامل عمر نے بھائیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر مئی 11:42

پی ٹی آئی رہنما سردار کامل عمر کی بھائیوں سمیت وزیر اعلٰی پنجاب سے ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مئی 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار کامل عمر نے آج لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سردار کامل عمر نے بھائیوں سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سردار کامل عمر ، سردار عادل عمر اور سردار عاقل عمر نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سردار کامل عمر اور ان کے بھائیوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے سردار کامل عمر کی بھائیوں سمیت پارٹی میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہاکہ ہم پارٹی میں شمولیت پر آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ خیال رہے کہ عام انتخابات قریب آتے ہی سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ عروج پر ہے۔

(جاری ہے)

تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے رہنماؤں کو دوسری پارٹیوں میں شامل ہونے سے روکنے کے لیے طرح طرح کے جتن کر رہی ہیں۔

سیاسی رہنماؤں کے دوسری جماعتوں میں شامل ہونے کے خدشے کے پیش نظر ہی سیاسی جماعتوں نے تاحال اپنے اُمیدواروں کا اعلان بھی نہیں کیا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ مسلم لیگ ن کا آئندہ انتخاب جیتنا نہایت مشکل ہے۔ سیاسی منظر نامے کو دیکھتے ہوئے سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں عین ممکن ہے کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف ہی کامیابی سمیٹے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن متعدد سیاسی رہنماؤں اور کارکنان کے پارٹی چھوڑنے پر سخت پریشان ہے اور مزید رہنماؤں کو جانے سے روکنے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔۔مسلم لیگ ن کی صفوں میں ہلچل تب پیدا ہوئی جب پی ٹی آئی نے مینار پاکستان پر ایک کامیاب جلسہ کر کے اپنی بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا۔ پی ٹی آئی کے کامیاب جلسے پر مسلم لیگ ن حیران تو ہوئی لیکن اپنی حیرت کو چھُپانے کے لیے مختلف قسم کی بیان بازی کا سہارا لیتی رہی۔