حرمین ٹرین کے چلنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں

سعودی عرب کی 300 کلومیٹر فی گھنٹہ چلنے والی حرمین ٹرین ستمبر میں چلائی جائے گی

Sadia Abbas سعدیہ عباس پیر 7 مئی 2018 11:53

حرمین ٹرین کے چلنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں
مکہ المکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) سعودی عرب میں مکہ مکرمہ گورنریٹ نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے کہ رواں سال مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ کیلئے حرمین ٹرین ستمبر میں چلائی جائے گی ۔ حرمین ٹرین کی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ باقاعدہ افتتاح سے قبل ہر پہلو سے حرمین ٹرین کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔ ہر ہفتے کے آخر میں اس کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔

ٹرین کے عہدیدار اور کارکن اس کے مسافر ہوں گے۔ پبلک انوسٹمنٹ فنڈ نے حرمین ٹرین منصوبے کے فنڈ فراہم کئے ہیں۔ اس کا مقصد داخلی و خارجی حجاج کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مواصلات کی نت نئی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ اس کی بدولت جدہ اور مقدس شہروں کے درمیان سڑکوں پر دباﺅ اور رش کم ہو گا۔ مسافر آسانی سے کم وقت میں اپنا سفر طے کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

ماحول کو گاڑیوں کی آلودگی سے بھی بچا جا سکے گا۔

مزید تفصیلات کے مطابق مقامی ذرائع کے مطابق دو ماہ قبل یکم فروری 2018ء جمعرات کو حرمین ایکسپریس ٹرین مدینہ منورہ سے رابغ کیلئے تجرباتی طور پر چلائی گئی تھی ۔ جس سے 80 سے زیادہ تاجر خواتین نے سفر کیا تھا ۔ مقامی ذرائع عرب نیوز کے مطابق ایوان تجارت کے ماتحت بزنس ویمن سینٹر نے اس حوالے سے خصوصی پروگرام ترتیب دیا تھا ۔ تاجر خواتین کو کنگ عبداللہ اکنامک سٹی اور پرنس محمد بن سلمان بزنس اینڈ مینجمنٹ کالج کا بھی دورہ بھی کیا تھا اور خواتین کو پراجیکٹ سے متعلق معلومات فراہم کیں گئیں تھیں ۔

مقامی ذرائع کے مطابق اسپین کے ایک جریدے اے بی ٹی نے انکشاف کیا تھا کہ اسپین کی کمپنی کو حرمین ٹرین چلانے کا ٹھیکہ مل گیا تھا۔ اسپین کے 8 ٹیکنیشن حرمین ٹرین چلانے میں سعودی ڈرائیوروں کی مدد کرینگے۔ یہ لوگ 10سعودی ڈرائیور تیار کرینگے۔ اسپین کی ایک کمپنی 15مارچ تک ہفتے میں آمد ورفت کے 4 تجربے کرچکی ہے ۔اسکے بعد ہی یہ ٹرین کمرشل بنیادوں پرشروع کی جاسکے گی۔ ٹرین کو چلانے کے لیے اب تمام تیاریاں تقریباً مکمل کی جا چکی ہیں ، اس لیے گورنریٹ نے گزشتہ روز ستمبر میں ٹرین چلانے کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے ۔