سیاسی اکثریت کی حکومت کی تشکیل کی دعوت ، مقتدی الصدر کی نوری المالکی پر سخت تنقید

بعض سیاست داں گمان کر رہے ہیں کہ وہ اکثریت حاصل کرکے اپنی کرپشن پر قابو پالیں گے،بیان

پیر 7 مئی 2018 12:08

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) عراق میں الصدری گروپ کے سربراہ مقتدی الصدر نے سابق وزیراعظم نوری المالکی کے اٴْس بیان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس میں المالکی نے آئندہ پارلیمانی انتخابات کے بعد سیاسی اکثریت کی حکومت تشکیل دینے کا مطالبہ کیاہے۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق مقتدی الصدر نے اپنے بیان میں باور کرایا کہ وہ اس وقت سیاسی اکثریت کے ساتھ نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض سیاست داں یہ گمان کر رہے ہیں کہ وہ سیاسی اکثریت حاصل کر سکتے ہیں تا کہ اپنی بدعنوانی کو وسیع تر پیمانے پر مسلط کر سکیں۔اب سے چھ روز بعد عراق میں آئندہ انتخابات کے موقع پر پارلیمنٹ کی 329 نشستوں کے لیے 7 ہزار سے زیادہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب انتخابی انتظامیہ کے سربراہ ریاض البدران نے بتایا کہ ایسی کوئی رکاوٹ نہیں جو پولنگ کے روز مقامی نگراں نیٹ ورکس کو انتخابی عمل کی نگرانی سے روک سکے۔

انہوں نے بتایا کہ نگرانی کے عمل کا حصّہ بننے کے واسطے درخواستیں پیش کرنے کی آخری تاریخ 8 مئی ہے۔یاد رہے کہ عراق کے انتخابی کمیشن نے بین الاقوامی اور مقامی تنظیموں کو انتخابات کی نگرانی کے عمل میں مؤثر طور پر شریک ہونے کی دعوت دی ہے اور اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر سہولیات پیش کی ہیں۔