رمضان میں مطاف کا صحن معتمرین اور زیرِ زمین منزل معتکفین کے لیے مختص ہو گی

رمضان کے مہینے میں مذکورہ ممانعت کا دورانیہ نماز مغرب سے لے کر نماز تروایح کے اختتام تک ہوگا،انتظامیہ

پیر 7 مئی 2018 12:08

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) مکہ مکرمہ کے گورنر اور مرکزی حج کمیشن کے سربراہ شہزادہ خالد الفیصل نے ہدایات جاری کی ہیں کہ رمضان کے مہینے میں مطاف کا صحن صرف معتمرین کے لیے مختص کر دیا جائے۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ معتمرین اپنے مناسک پوری سہولت اور راحت کے ساتھ ادا کر سکیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حرمین شریفین کی پریذیڈینسی کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ رمضان کے مہینے میں مذکورہ ممانعت کا دورانیہ نماز مغرب سے لے کر نماز تروایح کے اختتام تک ہوگا۔

بعد ازاں آخری عشرے میں دورانیے کو بڑھا کر نماز تہجّد تک کر دیا جائے گا۔بیان میں کہا گیا کہ آخری عشرے کے دوران اعتکاف کے خواہش مند حضرات کے لیے زیر زمین منزل (تہہ خانی) کو مختص کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا کہ رواں سال (1439ہجری میں) حج کے خواہش مند تمام سعودی شہری اور غیر ملکی مقیمین حج سیزن میں حجاج کرام کے لیے خدمات پیش کرنے والی اجازت یافتہ کمپنیوں اور اداروں میں رجسٹریشن کی کارروائی شروع کر دیں۔

وزارت نے واضح کیا کہ تمام لوگوں کو ان کے لیے مناسب سروس اور معاوضہ اختیار کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ یہ عمل دو مرحلوں پر مشتمل ہو گا۔ پہلا مرحلہ (پروگرامز اور سروس پیکجز کا تعارف) اختیاری ہو گا جو رمضان کے نصف یعنی 30 مئی 2018 سے شروع ہو کر شوال کے اختتام یعنی 13 جولائی 2018ء تک جاری رہے گا۔