سی پیک منصوبے میں کرنل شیر انٹرچینج کے قریب جدید صنعتی زون کے قیام سے صوبے میں بڑا انقلاب آئے گا‘ عبدالکریم

پیر 7 مئی 2018 12:18

سی پیک منصوبے میں کرنل شیر انٹرچینج کے قریب جدید صنعتی زون کے قیام سے ..
صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) ایم پی اے عبدالکریم نے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل بڑے بڑے دعوئوں کا قائل نہیں بلکہ میرا پانچ سالہ دور کسی سے پوشیدہ نہیں ،کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن لڑکر عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے حجرہ سیرئی زیدہ سٹی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اُس نے اپنے دور میں اپوزیشن اور حکومت میں رہنے کے دوران ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے ایک ارب بائیس کروڑ روپے کی لاگت سے پیہور ہائی لیول کینال کے توسیعی منصوبے کے علاوہ دو ارب کی لاگت سے پی آئی ایم منصوبے کو عملی جامہ پہنایا۔

پیہور توسیعی منصوبے سے سوا دو لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں کرنل شیر انٹرچینج کے قریب جدید صنعتی زون کے قیام سے صوابی سمیت پورے خیبرپختونخوا میں ایک بڑا انقلاب آئے گا ، یہ سٹی 32 ہزار کنال اراضی پر قائم ہوگا ، جس سے بیروزگاری میں کمی آجائے گی ۔