وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے دو آپریشن کیے گئے

ایک آپریشن بازو کا اور دوسرا پیٹ کا کیا گیا ، گولی پیٹ کے اندر ہی موجود ہے۔ ایم ایس ڈاکٹر محمد امیر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 7 مئی 2018 12:10

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے دو آپریشن کیے گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مئی 2018ء) :وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر گذشتہ روز قاتلانہ حملہ ہوا ، وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال شکرگڑھ کی تحصیل کنجرورمیں عوامی جلسے سے خطاب کے بعدواپس جارہے تھے کہ ان پرنامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی۔ گولی احسن اقبال کے بازو پر لگ کر پیٹ پر لگی۔ احسن اقبال کو گذشتہ روز نارووال سے لاہور کے سروسز اسپتال میں داخل کروایا گیا۔

ایم ایس ڈاکٹر محمد امیر نے اپنے بیان میں بتایا کہ احسن اقبال کے دو آپریشن کیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک آپریشن احسن اقبال کے بازو کا اور دوسرا پیٹ کا کیا گیا ۔ احسن اقبال کو لگنے والی گولی ان کے پیٹ سے نکالی نہیں گئی۔ مشاورت کے بعد گولی کے سکے کو پیٹ کے اندر ہی رہنے دیا گیا۔ احسن اقبال کی دو ہڈیاں ٹوٹی ہیں، گولی بازو سے لگ کر پیٹ میں دھنس گئی تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد امیر نے کہا کہ احسن اقبال کو چند روز میں ڈسچارج کردیا جائے گا۔ خیال رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کو گذشتہ روز آپریشن تھیٹرمنتقل کیا گیا جہاں ان کا سی ٹی اسکین ٹیسٹ کیا گیا۔ ٹیسٹ رزلٹ میں معلوم ہوا کہ احسن اقبال کے پھیپھڑے، دل اور جگر محفوظ ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق احسن اقبال کا سی ٹی اسکین کرلیا گیا، سی ٹی اسکین میں احسن اقبال کے پھیپھڑے، دل، جگر سب محفوظ ہیں۔

یاد رہے کہ احسن اقبال کے بلٹ دائیں کندھے کے قریب لگا۔ڈی پی اوناروال عمران کشور کاکہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص مقامی ہے ،انکوائری جاری ہے۔ ملزم نے 15گز کے فاصلے سے گولی چلائی ۔ ملزم سے 30بور کا پستول برآمد کرلیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزم عابد وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کے خطاب کے وقت فرنٹ لائن میں ہی بیٹھا ہوا تھا۔سفید رنگ کے شلوار قمیض میں میں ملبوس تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔