ویژن 2025ء کے تحت تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لئے ترجیحی بنیادوں پرحکومتی اقدامات کے دور رس نتائج مرتب ہو رہے ہیں، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن

پیر مئی 12:23

ویژن 2025ء کے تحت تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لئے ترجیحی بنیادوں پرحکومتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مئی2018ء) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، حکومت نے ویژن 2025ء کے تحت ملک میں تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں جس سے دور رس نتائج مرتب ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں تعلیم کے پانچ منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ جی تھرٹین ون میں ماڈل کالج فار گرلز کی تعمیر کا پیش کیا گیا جس کی کل لاگت 30 کروڑ 31 لاکھ 24 ہزار روپے پیش کی گئی جس کو اجلا س میں منظور کر لیا۔دوسرا منصوبہ جی ۔15 میں ماڈل کالج فار بوائز کا پیش کیا گیا جس کی کل لاگت 29 کروڑ 49 لاکھ 28 ہزار روپے پیش کی گئی جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تعلیم کا تیسرا منصوبہ قومی نصابی کونسل سیکرٹریٹ کی تعمیر کے لیے 20 کروڑ 99 لاکھ 2 ہزار روپے لاگت کا پیش کیا گیا جس کو اجلاس نے منظور کر لیا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے سرکاری اکولوں کی چار دیواری کی تعمیر کے لیے 20 ارب روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس نے منظور کر لیا۔ اجلاس میں پانچواں منصوبہ بلوچستان میں تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ سکیم کا دیا گیا جس کی کل لاگت 11 ارب 80 کروڑ روپے مختص کی گئی جس کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک بھجوا دیا گیا۔